پشاور میں ایف بی آرآفس کے سامنے گاڑی کے لین دین کے تنازعے پر فائرنگ سے افغان شہری جاں بحق ہوگیا ہے، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔
یونیورسٹی ٹاؤن پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ یونیورسٹی کی حدود یونیورسٹی روڈ پرایف بی آرآفس کے سامنے پیش آیا، فائرنگ کا واقعہ لین دین کے تنازعے کا شاخسانہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کرم ایجنسی: مسافر گاڑیوں پر فائرنگ سے 20افراد جاں بحق، متعدد زخمی
پولیس کے مطابق ملزم عرفان اللہ نے مقتول افغان شہری کو اس کی بیوی اور بچوں کے سامنے یونیورسٹی روڈ پر فائرنگ کرکے قتل کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے فورا بعد پولیس جائے واردات پر پہنچ گئی اور ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے، ملزم کی شناخت عرفان اللہ کے نام سے ہوئی جو ایف بی آر میں ایڈیشنل کمشنر ہے۔
مزید پڑھیں:پشاور: گاڑی پر فائرنگ سے خیبر پبلک سروس کمیشن کے ڈائریکٹر جاں بحق
واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں مقتول کے بیوی بچوں کو لاش کے پاس روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ملزم اسلحہ لہراتا ہوا نظر آتا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے خیبر میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول افغان شہری اپنی فیملی کے ہمراہ کافی عرصے سے پشاورمیں مقیم تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عرفان اللہ کوجمعہ کے روزجسمانی ریمانڈ کے لیےعدالت میں پیش کیا جائے گا۔