اپنی بات کی خود وضاحت کرنا ہوگی، پی ٹی آئی کا بشریٰ بی بی کے بیان سے اظہار لاتعلقی

جمعہ 22 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سعودی عرب سے متعلق بشریٰ بی بی کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے اور کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو اس حوالے سے خود وضاحت کرنا ہوگی۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف علی نے بشریٰ بی بی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کے سعودی عرب سے متعلق بیان کو پارٹی سے جوڑنا درست نہیں کیونکہ ان کے پاس پی ٹی آئی کا کوئی تنظیمی عہدہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی کا سعودی عرب کے حوالے سے گھناؤنا الزام، بیان جھوٹا ہے: جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ

بیرسٹر سیف نے کہا کہ بشریٰ بی بی اگر کوئی بات کرتی ہیں تو انہیں یہ وضاحت کرنا ہوگی کہ یہ ان کا ذاتی بیان ہے یا پارٹی کا بیان ہے، پارٹی کا مؤقف چیئرمین، پارٹی کا سیکریٹری جنرل یا سیکریٹری اطلاعات ہی دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بشریٰ بی بی یہ سمجھتی ہیں کہ ایسی بات ہے تو اس میں پارٹی کا کیا ردعمل ہو سکتا ہے، یہ ان کا نقطۂ نظر ہے اور اگر اس سے کوئی پارٹی کا تعلق جوڑتا ہے تو اسے بے بنیاد نسبت سے جوڑا جارہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر پارٹی میں کوئی سمجھتا ہے کہ عمران خان کو سعودی عرب نے سزا دلوائی ہے یا ان کی حکومت کو ہٹایا ہے تو اس پر پارٹی نے کچھ نہیں کیا ہے اور نہ ہی عمران خان نے کوئی ایسی بات کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی نے عمران خان کو کنول کے پھول سے تشبیہ دیدی، مگر کیوں؟

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی ویب سائٹ پر جاری ویڈٖیو بیان میں بشریٰ بی بی نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں۔

بشریٰ بی بی کے مطابق ’جنرل باجوہ کو کہا گیا ہم اس ملک میں شریعت کا نظام ختم کرنے لگے ہیں اور تم شریعت کے ٹھیکیداروں کو لے آئے ہو، ہمیں یہ نہیں چاہیے۔‘ بشریٰ بی بی نے مزید کہا، ’اس وقت سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا، اور بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔‘

یہ بھی پڑھیں: غیرسیاسی خاتون جلسے جلوسوں کی منصوبہ بندی کرتی ہے، عظمیٰ بخاری کی بشریٰ بی بی پر تنقید

دوسری جانب، جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے قریبی ذرائع نے بشریٰ بی بی کے الزام کی تردید کی ہے۔ سینیئر صحافی انصار عباسی کے مطابق انہیں قمر جاوید باجوہ کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے کی گئی بات بالکل جھوٹ ہے۔

انصار عباسی کے مطابق سابق آرمی چیف کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں کہ میں خانہ کعبہ جاکر یہ بات کرنے کو تیار ہوں کہ جو بشریٰ بی بی کی جانب سے بات کی گئی وہ بالکل جھوٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا احتجاج نند بھاوج کی لڑائی ہے، مریم اورنگزیب کی بشریٰ بی بی اور علیمہ خان پر تنقید

انصار عباسی کے مطابق قمرجاوید باجوہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی نے سب کچھ پر پانی پھیر دیا، دورے کے بعد ان کے پاس کوئی کالز نہیں آئیں، بشریٰ بی بی نے جھوٹی بات کی ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے ایک نجی چینل کے پروگرام میں کہا تھا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب بھی ملوث تھا۔ تاہم پی ٹی آئی نے اگلے ہی روز شیر افضل مروت کے سعودی عرب سے متعلق بیان سے لا تعلقی کا اظہار کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp