وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت نے پورا ملک بند کرکے ہمارا احتجاج خود ہی کامیاب بنا دیا ہے۔ پنجاب بھر میں دفعہ 144، ہوٹلوں اور لاری اڈوں کی بندش اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہاکہ وفاقی اور پنجاب حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، جس کا واضح ثبوت موٹرویز اور دیگر شاہراہیں بند کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ملکی حالات کے پیش نظر پولی کلینک اسپتال اسلام آباد میں ہائی الرٹ جاری
انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پورے ملک کو بند کرکے عوام کو تکلیف پہنچائی جارہی ہے، ہمارا احتجاج پُرامن ہوگا۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکمرانوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا ہے، ایک کال سے ہی ان کے اوسان خطا ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔
دوسری جانب حکومت نے پی ٹی آئی کو خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، اس لیے کسی بھی احتجاج سے گریز کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی احتجاج: پشاور، لاہور موٹروے سمیت تمام ٹرانسپورٹ اڈے بند کرنے کا حکم
آج وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی صورت میں کسی بھی جانی نقصان کی ذمہ داری ان پر ہی عائد ہوگی۔