موسیقار اے آر رحمان سے علیحدگی، اہلیہ سائرہ بانو نے خاموشی توڑ دی

پیر 25 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی سابق اہلیہ سائرہ بانو نے شوہر سے علیحدگی کے حوالے سے خاموشی توڑ دی ہے۔ سائرہ بانو نے ایک آڈیو بیان میں اپنا تعارف سائرہ رحمان کے نام سے کراتے ہوئےکہا کہ میں اس وقت ممبئی میں ہوں۔ میں گزشتہ چند ماہ سے جسمانی طور پر ٹھیک نہیں، اس لیے میں نے اے آر سے تھوڑا وقفہ لینے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سائرہ بانو نے یوٹیوبرز اور تامل میڈیا سے درخواست کی ہے کہ اے آر رحمان کے بارے میں کچھ بھی غلط بات نہ کہیں، وہ ایک انمول شخص اور دنیا کے سب سے بہترین انسان ہیں۔ سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ مجھے صحت کے مسائل کی وجہ سے چنئی چھوڑنا پڑا، میں ممبئی میں اپنا علاج کرانے آئی ہوں اور یہ اے آر کے مصروف شیڈول کے ساتھ چنئی میں ممکن نہیں تھا، میں کسی کو پریشان نہیں کرنا چاہتی تھی، نہ اپنے بچوں کو اور نہ ہی انہیں۔

مزید پڑھیں: اے آر رحمان نے سائرہ بانو کو طلاق کیوں دی، وکیل نے وضاحت کر دی

سائرہ بانو نے اے آر رحمان کی مزید تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار انسان ہیں۔ میں صرف یہی درخواست کرتی ہوں کہ انہیں ویسے ہی رہنے دیں جیسے وہ ہیں، میں ان پر اپنی جان سے زیادہ بھروسہ اور پیار کرتی ہوں اور وہ بھی مجھ سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں۔ اس لیے آپ سب سے گزارش ہے کہ ان کے خلاف تمام جھوٹے الزامات بند کریں، ہمیں اکیلا چھوڑ دیں اور سکون میں رہنے دیں۔ ابھی ہم نے کچھ بھی باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا۔

سائرہ بانو کا مزید کہنا تھا کہ میں جلد ہی چنئی واپس آؤں گی، لیکن پہلے مجھے اپنا علاج مکمل کرنا ہے، آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ ان کا نام خراب کرنا بند کریں، وہ ایک انمول شخصیت ہیں۔اپنے بیان میں سائرہ بانو نے اپنی بیماری سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔

واضح رہے کہ بھارت کے معروف موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد رواں ماہ 19 نومبر کو شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اے آر رحمان اور اہلیہ کے درمیان 29 برس بعد علیحدگی، بچوں کا رد عمل سامنے آ گیا

سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے اے آر رحمان اور سائرہ کی علیحدگی کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کئی برس کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں پیچیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Vandana Shah (@advocate.vandana)

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ایک دوسرے سے گہری محبت کے باوجود جوڑے نے محسوس کیا ہے کہ تناؤ اور مشکلات نے اُن کے درمیان وسیع خلیج پیدا کر دی ہے، جسے اس وقت کسی فریق کے لیے ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی سائیٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اے آر رحمان نے لکھا تھا کہ انہیں اپنی اہلیہ کے ساتھ 30 سال گزارنے کی امید تھی لیکن یوں لگتا ہے کہ تمام چیزوں کا ایک انجام ہوتا ہے۔ ٹوٹے ہوئے دلوں کے بوجھ سے تو خدا کا تخت بھی کانپ سکتا ہے پھر بھی اس ٹوٹ پھوٹ میں ہم معنی تلاش کرتے ہیں اگرچہ وہ ٹکڑے اپنی جگہ جڑ نہیں پاتے۔

مزید پڑھیں: والدہ نے زیورات گروی رکھ کر سٹوڈیو بنانے کے لیے پیسے دیئے، موسیقار اے آر رحمان

انہوں نے اپنے تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشکل وقت میں ان سے ہمدردی کی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا۔

اےآر رحمان کے بچوں نے بھی صارفین سے ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ ہمیں بہت خوشی ہوگی اگر اس معاملے کو احترام اور رازداری کے ساتھ رکھا جائے۔ ہمیں سمجھنے کے لیے آپ سب کا بہت شکریہ۔

واضح رہے کہ اے آر رحمان نے 12 مارچ 1995 کو سائرہ بانو سے شادی کی تھی، جوڑے کے 3 بچے ہیں جن میں 2 بیٹیاں خدیجہ اور رحیمہ جبکہ ایک بیٹا امین شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp