اسرائیل اور لبنان میں جلد جنگ بندی کے امکانات روشن ہوگئے جس کا اعلان اسرائیلی پارلیمنٹ سے معاہدے کی منظوری کے بعد متوقع ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی پر اتفاق طے پا گیا ہے اور اس کا نفاذ اسرائیل کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد نافذ ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: لبنانی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے پر اسرائیل نے معافی مانگ لی
اسی خبر کی تصدیق عرب میڈیا کی رپورٹس سے بھی ہوتی ہے جن کے مطابق اسرائیل اور لبنان نے مکمل جنگ پر رضامندی ظاہر کردی ہے اور کچھ گھنٹوں کے دوران جنگ بندی کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اسرائیلی کابینہ کا لبنان میں حزب اللّٰہ کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کی منظوری کے لیے بدھ کو اجلاس منعقد ہوگا۔
جنگ بندی کے معاہدے کے متن کو پیر کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اگر کوئی غیر معمولی واقعہ رونما نہ ہوا تو یہ جنگ بندی ہوجائے گی۔
مزید پڑھیے: اس انٹیلی جنس آپریشن کی ڈرامائی داستان جس نے لبنان میں قیامت ڈھا دی
دوسری جانب اسرائیل کے شمالی علاقے کے میئر نے حزب اللّٰہ کے ساتھ ممکنہ جنگ بندی کے معاہدے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’سرینڈر ڈیل‘ قرار دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ لڑائی ختم کرنے کے لیے جنگ بندی کا معاہدہ آگے بڑھ رہا ہے اور اسرائیلی کابینہ کا اجلاس پیر یا منگل کو ہوگا۔