پاکستان تحریک انصاف کا قافلہ اسلام آباد میں حائل تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اپنی منزل ڈی چوک پہنچ چکا ہے جس کے بعد شہر کے کچھ راستے اب کھول دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رینجرز نے پی ٹی آئی مظاہرین کو پیچھے دھکیل کر ڈی چوک کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے اسلام آباد کے تمام داخلی و خارجی راستوں سمیت شہر کی کچھ اندرونی شاہراہوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا تھا۔
24 نومبر کو پاکستان بھر سے چلنے والے قافلے منگل 26 نومبر کو اپنے مقام پر پہنچ گئے جس کے بعد کچھ راستوں سے کنٹینرز کو ہٹا دیا گیا ہے۔
وی نیوز نے ان روٹس کے حوالے سے اسلام آباد ٹریفک پولیس سے رابطہ کرکے تازہ ترین صورتحال جاننے کی کوشش کی۔
مزید پڑھیے: 4 رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد اسلام آباد میں فوج طلب، شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ترجمان نفیس اقبال نے وی نیوز کو بتایا کہ ایکسپریس وے، کشمیر ہائی وے اور 26 نمبر چونگی کھول دی گئی ہے تاہم روات ٹی چوک اب بھی بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال کوئی روٹ پلان نہیں تیار کیا گیا کیونکہ امن وامان کا مسئلہ ہنوز جاری ہے اور سب وہیں مصروف ہیں۔
نفیس اقبال نے مزید کہا کہ جزوی طور پر ٹریفک بحال ہے تاہم اگر ایک جگہ سے راستہ بلاک ہے تو اس کا متبادل راستہ کھلا ہوا ہے۔