پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے اسلام آباد ڈی چوک مارچ کے باعث ملک بھر میں تعطل کا شکار فلائٹ شیڈول احتجاج کے خاتمے کے اعلان کے باوجود بدھ کو بھی بحال نہ ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج: فلائٹ آپریشن متاثر، منگل کو کتنی پروازیں منسوخ ہوئیں؟
سول ایوی ایشن کے مطابق منگل کو بھی پروازوں کے شیڈول متاثر رہا، منگل کو 8 پروازیں منسوخ اور 17 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ کراچی اور اسلام آباد کے درمیان صبح کی پروازیں پی کے 300 اور پی کے 301، لاہور اور کوئٹہ کو ملانے والی پی کے 322 اور پی کے 323 منسوخ کردی گئیں۔
سول ایوی ایشن کے مطابق دبئی سے اسلام آباد، ایف زیڈ 353 اور ایف زیڈ 354 اور دبئی سے لاہور کے لیے بین الاقوامی پروازیں، ایف زیڈ 359 اور ایف زیڈ 360 کا شیڈول بھی منسوخ کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں:ملک کے تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشنز معمول کے مطابق جاری، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی
کراچی سے گوادر، سکھر اور جدہ کے لیے روانہ ہونے والی 3 پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح کراچی سے لاہور جانے والی پروازیں پی ایف 141 اور پی ایف 142 بھی تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ کراچی اسلام آباد جانے والی پرواز پی ایف 124 بھی رات 7 بجے 3 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق دوحہ، جدہ اور ملتان کے لیے پروازوں کی روانگی بھی متاثر ہوئی جبکہ جدہ سے پشاور جانے والی پی آئی اے کی پی کے 736 کی آمد تاخیر کا شکار ہوئی۔ اسی طرح دبئی سے اسلام آباد جانے والی بین الاقوامی پروازیں ای آر 701 اور دبئی اور جدہ سے لاہور آنے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار رہیں جس کی وجہ سے سفری مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔