شہزادہ ہیری بادشاہ کی تاجپوشی میں بیوی بچوں کے بغیر شریک ہوں گے

جمعرات 13 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی بادشاہ کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری کو شاہی محل کی جانب سے اپنے والد کی 6 مئی کو ہونے والی رسم تاجپوشی میں شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے تاہم ان کی بیوی اور بچے تقریب میں شریک نہیں ہوں گے۔

گارجین کے مطابق کے مطابق ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کی بظاہر ایک وجہ تو یہ ہے کہ تاجپوشی والے روز ہی ان کے پرنس آرچی کی سالگرہ ہے۔ تاہم اس کی اصل وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ دونوں میاں بیوی اور شاہی خاندان کے درمیان تعلقات ہنوز کشیدہ ہیں۔

یاد رہے کہ سسیکس اور محل کے درمیان تعلقات جنوری میں ہیری کی یادداشت اسپیئر کی اشاعت کے بعد سے کشیدہ ہیں جس میں انہوں نے شاہی خاندان اور ادارے کے ارکان پر تنقید کی تھی۔

بکنگھم پیلس نے ایک بیان میں کہا کہ ’بکنگھم پیلس اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہے کہ ڈیوک آف سسیکس 6 مئی کو ویسٹ منسٹر ایبی میں تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ ڈچس آف سسیکس کیلیفورنیا میں پرنس آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ساتھ رہیں گی۔‘

اس اعلان سے ہفتوں کی قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں کہ آیا ہیری تقریب میں شرکت کریں گے یا نہیں۔ جہاں تک میگھن کا تعلق ہے وہ اسی روز پرنس آرچی کے چوتھے یوم ولادت کی وجہ سے تقریب میں شریک نہیں ہوں گی۔ جب کہ میگھن کی تقریب میں عدم شرکت کے حوالے سے کچھ لوگوں  کا خیال ہے کہ اس کا سبب اس جوڑے اور محل کے مابین جاری کشیدگی ہے۔

ہیری ویسٹ منسٹر ایبی میں دو ہزار سے زائد مہمانوں میں شامل ہوں گے۔ اپنی کتاب کی اشاعت کے بعد سے یہ پہلا موقع ہوگا جب وہ اپنے بھائی پرنس آف ویلز شہزادہ ولیم سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ عوام میں نظر آئیں گے۔

امکان یہی ہے کہ ہیری رسم کے دوران کوئی کردار ادا نہیں کریں گے اور تاجپوشی میں ولیم کا نمایاں کردار ہوگا جن کے نو سالہ بیٹے شہزادہ جارج بھی بادشاہ کے اعزازی مہمانوں میں سے ایک ہوں گے۔

Prince Harry and Prince William attend the unveiling of a statue of their mother, Princess Diana, in 2021.

ابھی اس بات کا علم نہیں ہے کہ ہیری طویل ویک اینڈ پر تاجپوشی سے متعلق محفل موسیقی سمیت کسی دوسرے پروگرام میں شاہی خاندان کے دیگر افراد کی طرح شرکت کریں گے یا نہیں۔

چونکہ ہیری اور میگھن شاہی خاندان کے اب اس طرح سے اراکین نہیں رہے اس لیے تاجپوشی میں ان کا کوئی رسمی کردار بھی نہیں ہوگا جب کہ ان کے بچے پرنس آرچی اور تین سالہ شہزادی للی بیٹ کم سنی کے باعث ویسے بھی رسوم کی ادائیگی سے قاصر ہوں گے۔

بادشاہ چارلس نے اپنی پوتی للی بیٹ سے ایک بار ملاقات کی تھی جب یہ جوڑا جون میں مرحوم ملکہ ایلزیبتھ II کی پلاٹینم جوبلی میں شرکت کے لیے مختصر طور پر برطانیہ واپس آیا تھا۔

تاج پوشی اور تخت نشینی کے بعد ویسٹ منسٹر ایبی سے بکنگھم پیلس تک جلوس میں بادشاہ اور ملکہ کے ساتھ چلنے والوں میں شہزادہ اور شہزادی آف ویلز بمعہ بچے، شہزادی رائل اور سر ٹموتھی لارنس، ڈیوک و ڈچس آف ایڈنبرا، ڈیوک و ڈچس آف گلوسٹر، ڈیوک آف کینٹ اور کینٹ کی شہزادی الیگزینڈرا شامل ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp