دوسرا ٹی 20: پاکستان کا ٹیم ورک، جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے ہرادیا، سیریز کا فیصلہ آج ہوگا

جمعہ 31 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں شاندار ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 9 وکٹوں سے ہرادیا جبکہ کھیل کے 6 اعشاریہ 5 اوورز ابھی باقی تھے۔ اس طرح 3 میچوں کی اس سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک جیت کے ساتھ کھڑی ہیں۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی ٹیم کے بولرز نے ابتدا ہی سے نپی تلی بیٹنگ کی اور جنوبی افریقہ کے بیٹرز کو باندھ کر رکھا اور 19 اعشاریہ 2 اوورز میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پویلین بھیج دی۔ مہمان ٹیم نے 110 رنز بنائے تھے۔

فہیم اشرف نے 23 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان مرزا نے 14 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ نسیم شاہ نے 28 رنز کے عوض 2 جبکہ ابرار احمد نے 26 رنز دے کر ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

پاکستان کو جیت کے لیے 111 رنز کا ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر 13 اعشاریہ ایک اوورز میں حاصل کرلیا۔ صائم ایوب کے وننگ شاٹ سے (سکسر) سے پاکستان نے ہدف عبور کرتے ہوئے 112 رنز اسکور کیے۔

صائم ایوب فارم میں واپس، بابر اعظم بھی 11 رنز بناگئے

صائم ایوب اس میچ میں اپنی فارم میں واپس آتے دکھائی دیے۔ انہوں نے 38 گیندوں پر 71 رنز بنائے۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے واحد بیٹر صاحبزادہ فرحان تھے جو 23 گیندوں پر 28 رنز بناکر کوربن گوش کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس مرتبہ بابر اعظم نے اپنے گزشتہ میچوں کی نسبت قدرے ’زیادہ‘ رنز بنائے۔ ان کا اسکور 18 گیندیں کھیل کر 11 رنز تھا تاہم وہ ناٹ آؤٹ رہے۔

سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی اور شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان کے لیے اب یہ میچ انتہائی اہم تھا کیونکہ مہمان ٹیم سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر چکی تھی۔ تاہم پاکستانی ٹیم آج کا میچ جیت کر سیریز میں واپس آگئی. اب دونوں ٹیموں کے درمیاں فیصلہ کن میچ ہفتہ کے روز ہوگا۔

جنوبی افریقہ اسکواڈ

کوئنٹن ڈی کاک (وکٹ کیپر بیٹر)، ریضا ہینڈرکس، ٹونی ڈی زوزی، ڈیوالڈ بریوس، میتھیو بریٹزکے، ڈونووان فریرا (کپتان)، جارج لنڈے، کوربن بوش، اوٹنیل بارٹمین، ناندرے برگر، لنگی نگیڈی۔

پاکستان اسکواڈ

صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، سلمان آغا (کپتان)، عثمان خان (وکٹ کیپر)، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، نسیم شاہ، سلمان مرزا، ابرار احمد۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp