سلمان خان کو 30 اپریل تک قتل کردیا جائے گا، پولیس کو پیغام موصول

جمعرات 13 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے معروف اداکار سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر جان سے ماردیے جانے کی دھمکی دی گئی ہے اور اس بار انہیں یہ پیغام پولیس کنٹرول روم کے توسط سے دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ چند مہینوں میں انہیں متعدد بار قتل کرنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں اور پولیس نے اس سلسلے میں بعض افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ممبئی پولیس کے کنٹرول روم کو ایک شخص کی فون کال موصول ہوئی جس نے سلمان خان کو 30 اپریل تک قتل کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ کنٹرول روم اہلکاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ فون کرنے والے نے اپنا تعارف ’گؤشالہ رکشک‘ (گائے کا محافظ) راکی بھائی کے طور پر کرایا اور اپنا تعلق راجستھان کے ضلع جودھ پور سے بتایا۔

دھمکی دینے والے راکی بھائی نے پولیس سے یہ بھی کہا کہ وہ سلمان خان کو اس فون کال کے بارے میں بتا دیں کہ انہیں جلد ہی قتل کر دیا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق اس کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور کرائم برانچ کے اہلکار کال کرنے والے کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیے: میں اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ کوئی میرے سلمان بھائی کے لیے بُرا نہ سوچے: راکھی ساونت

سلمان خان کو قتل کرنے کی تازہ دھمکی ایک ایسے روز ملی جب وہ عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی اپنی فلم ‘ کسی کا بھائی کسی کی جان’ کا ٹریلر ریلیز کر رہے تھے۔ اس تقریب میں فلم میں کام کرنے والے اداکاروں کے ساتھ ہی پروڈیوسر اور ہدایات کار بھی موجود تھے۔

قتل کی دھمکیوں کا سلسلہ

بالی ووڈ اسٹار کو گزشتہ کئی مہینوں کے دوران جان سے مارنے کی متعدد دھمکیاں مل چکی ہیں۔ پچھلے مہینے ہی ممبئی کی باندرہ پولیس نے دھاکڑ رام لال سیاگ کو جودھ پور سے اس وقت حراست میں لیا تھا جب یہ پتہ چلا کہ قتل کرنے سے متعلق دھمکی آمیز ای میل اس کے موبائل فون سے بھیجی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اسی شخص نے آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے والد کو بھی دھمکی آمیز ای میل بھیجی تھی اور اس سلسلے میں پنجاب کے مانسا تھانے میں بھی ایک کیس درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کریں گے کہ آیا سلمان خان کو ملنے والی پچھلی دھمکیوں میں اس شخص کا کوئی ہاتھ ہے یا نہیں جس میں گینگسٹرز گولڈی برار، لارنس بشنوئی اور بعض دیگر کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں پنجاب کے ضلع مانسا میں معروف گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کر دیا گیا تھا اور اس کا الزام بھی لارنس بشنوئی اور گولڈی برار جیسے بدنام زمانہ جرائم پیشہ افراد پر عائد کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسی گروپ نے سلمان کو بھی دھمکی آمیز میل بھیجی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں بھی ’سدھو موسے والا کی طرح ہی ختم کردیا جائے گا‘۔ یہ دونوں گینگسٹرز جیل میں ہیں اور پولیس کے مطابق ان کی جانب سے بھی سلمان خان کو جان سے مارنے کے لیے ایک دھمکی آمیز میل بھیجی گئی تھی۔ اس سلسلے میں مارچ میں ممبئی کی پولیس نے ایک کیس بھی درج کیا تھا۔

سلمان خان نشانے پر کیوں ہیں؟

ان دھمکیوں کے تناظر میں ممبئی پولیس نے سلمان خان کو وائی پلس کیٹیگری کی سکیورٹی فراہم کی ہے اور ان کی رہائش گاہ کے باہر عموماً مداحوں کی جو بھیڑ جمع ہوتی ہے اس پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ مہاراشٹر کی حکومت نے یہ اقدام لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد کیا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی دینے والے لوگ اصل میں چاہتے کیا ہیں تاہم ان میں سے بیشتر کا تعلق ریاست راجستھان سے ہے۔ دھمکیوں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا تھا جب سلمان خان پر راجستھان میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک ہرن کے شکار کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

یہ 25 برس پہلے کا قصہ ہے جس کا کیس بھی عدالت میں چل رہا ہے۔ الزام یہ ہے کہ سلمان خان نے راجستھان میں پائے جانے والے کالے ہرن کا شکار کیا۔ در اصل راجستھان کی بشنوئی ہندو برادری اس نسل کے ہرن کی پوجا کرتی ہے اور اسی سلسلے میں اس گروپ نے سلمان خان کو جان سے مارنے کی سب سے پہلے دھمکی دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp