ضلع کرم میں متحارب گروہوں میں 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

جمعرات 28 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ صوبائی ضلع کرم میں مخالف گروہوں کے مابین 10 روز کی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا گیا ہے، تاہم پائیدار امن کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔

ضلع کرم کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے شورش زدہ ضلع کرم میں فریقین کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ علاقے میں پائیدارامن اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ کے پی کی ضلع کرم میں امن و امان کا مسئلہ حل کرنے کے لیے جرگہ منعقد کرنے کی ہدایت

علی امین گنڈاپور کے مطابق کرم میں مخالف گروہوں کے درمیان 10 روز کے لیے جنگ بندی پر اتفاق کرتے ہوئے حالیہ واقعات میں ہونیوالے جانی و مالی نقصانات کے ازالے کے لیے تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

دوسری جانب متحارب گروہوں کے درمیان معاملات معمول پر لانے کے لیے محفوظ نقل وحمل کے لیے سیکیورٹی پلان بھی مرتب کرنے کا کام جاری ہے۔

مزید پڑھیں:ضلع کرم میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج ہلاک، 5 زخمی

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں کے قافلے پر حملوں اور متحارب قبائل کی جھڑپوں میں مجموعی طور پر 102 افراد جاں بحق اور 138 زخمی ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp