جڈی بیچ سیاحوں کے لیے کسی جنت سے کم نہیں

جمعہ 29 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پسنی شہر سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع جڈی بیچ نہ صرف پسنی کی ایک خوبصورت تفریح گاہ ہے بلکہ یہاں انواع و اقسام کی سمندری مخلوقات پائی جاتی ہیں۔ سائبیریا سے نقل مکانی کرکے پسنی کے ساحل پر آنے والے آبی پرندوں کی عارضی پناہ گاہ ہے۔

پسنی کے لوگ روزانہ شام ہوتے ہی یہاں سیر و تفریح کے لیے آتے ہیں اور سمندر کی تازہ ہوا سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ بلوچستان کے دیگر علاقوں اور ملک بھر سے پسنی آنے والے سیاح جب بھی پسنی آتے ہیں تو جڈی بیچ کا نظارہ ضرور کرتے ہیں۔

جڈی کے پہاڑ کے دامن میں واقع جڈی بیچ پر سمندر کو قریب دیکھنے کا منظر بھی دلفریب ہوتا ہے۔ یہاں آکر سیاح سکون اور راحت محسوس کرتے ہیں۔

جڈی میں سیاحت کے فروغ کے لیے کچھ شیڈز بنائے گئے  ہیں جبکہ جڈی سن سیٹ پارک کا کام ابھی تک زیر تعمیر ہے۔

جڈی بیچ پر سیر و تفریح کے لیے آنے والے، خصدار کے ایک سیاح حافظ  فیصل نے بتایا کہ یہاں آکر مجھے سکون مل رہا ہے، یہاں کے دلفریب مناظر کو قریب سے دیکھنے کا ایک عجیب مزہ ہے کیونکہ یہاں فطرت کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ یہاں پہاڑ اور سمندر کا حسین منظر لوگوں کو یہاں آنے پر مجبور کرتا ہے۔

ایک مقامی سیاح رحمت اللہ نے بتایا کہ جڈی ایک پکنک پوائنٹ ہے۔ یہاں نہ صرف مقامی لوگ آتے ہیں بلکہ باہر سے بھی لوگ آکر خوب انجوائے کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جڈی سن سیٹ پارک کو جلد مکمل کرکے لوگوں کو مزید سہولیات دی جائیں کیونکہ یہاں آکر لوگ پر سکون سے بھرے ماحول میں انجوائے کرتے ہیں۔

ایک اور سیاح منیر شاہ نے بتایا ’ میں یہاں گھومنے کے لیے آیا ہوں۔ یہاں کا منظر بہت دلکش ہے اور سمندر کو قریب سے دیکھ کر ہم انجوائے کررہے ہیں۔‘

مقامی نوجوان مہر بخش نے بتایا کہ ہم یہاں گھومنے اور تفریح کے لیے آتے ہیں۔ بلوچستان کے دیگر علاقوں میں جڈی جیسا ساحل نہیں ہے۔ یہاں پارک بناکر اس علاقے میں ٹورازم کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp