منی لانڈرنگ کا الزام، شلپا شیٹی کے گھر چھاپہ، اداکارہ کا کیا موقف ہے؟

جمعہ 29 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا ایک بار پھر تنازع کا شکار ہو گئے ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے شلپا شیٹی اور راج کندرا کے گھر اور دفتر پر چھاپے مارے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی، جو مبینہ طور پر فحش فلمیں اور مواد کی تیاری اور مختلف موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے اس کو پھیلانے سے متعلق ہے۔ اس معاملے میں راج کندرا کے کچھ ساتھیوں کے ٹھکانوں کی بھی تلاشی لی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بگ باس 18: سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے امیدوار کون؟

ایک بیان میں شلپا شیٹی کے وکیل ایڈوکیٹ پرشانت پٹیل نے کہا کہ میڈیا میں یہ خبریں آئی ہیں کہ ان کی موکل مسز شلپا شیٹی کندرا پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے چھاپہ مارا ہے۔ یہ رپورٹس درست نہیں اور گمراہ کن ہیں۔ شلپا شیٹی کندرا پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا کیونکہ ان کا کسی بھی نوعیت کے جرم سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ان کے شوہر راج کندرا کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور وہ تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں۔ وکیل نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ تحقیقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے شلپا شیٹی کی تصاویر استعمال کرنے سے گریز کریں کیونکہ ان کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس غیر ذمہ دارانہ صحافت کے خلاف سخت نوٹس لیا جائے گا جس میں شلپا شیٹی کی تصاویر یا ویڈیوز ہوں۔

یاد رہے کہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا اس سے پہلے بھی فحش فلمی مواد کی تیاری اور تقسیم کے الزامات میں2021 میں گرفتار ہو چکے ہیں تاہم بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp