شہدا کی لاشیں لواحقین کو کس شرط پر دی جارہی ہیں، عارف علوی کا دعویٰ سامنے آگیا

جمعہ 29 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 سابق صدر پاکستان عارف علوی نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی دھرنے کے شہدا کی لاشیں اسی شرط پر لواحقین کے حوالے کی جارہی ہیں کہ وہ ایک فارم پر دستخط کریں کہ وہ ایک حادثاتی موت تھی۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں عارف علوی کا کہنا ہے کہ دسیوں مظاہرین مارے گئے لیکن اعداد و شمار چھپائے جا رہے ہیں، اسپتال کا ریکارڈ چھین لیا گیا، مردہ خانے سیل کر دیے گئے اور کوئی پوسٹ مارٹم نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی دھرنا سنگجانی نہ ہونے کے ذمہ دار عمران خان ہیں، شیر افضل مروت

عارف علوی کا کہنا تھا کہ مرنے والے 200 ہوں یا 10 یہ سب ہمارے ملک کے شہری تھے اور عمران خان کی رہائی اور جمہوریت کی محبت میں اسلام آباد پہنچے تھے۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں تو رینجرز اور پولس والوں کی شہادت کا بھی غم ہے کیوں کہ وہ بھی میرے وطن کے شہری ہیں جن کو بندوقیں تھما کر گمراہ کیا گیا اور کہا گیا کہ معصوموں کو کچل دو اور انہیں بھون کر رکھ دو۔

سابق صدر نے اپنے پیغام کے ساتھ ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں پی ٹی آئی کے جوان و بوڑھے حامیوں کو رقص کرتے ہوئے جلوس میں آگے بڑھتے دکھایا گیا ہے۔ اسی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے طنزیہ کہا کہ یہ ہیں وہ شواہد جن سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ’دہشت گرد‘ اسلام آباد کس نیت سے داخل ہو رہے تھے۔

مزید پڑھیے: ہمارا دھرنا جاری ہے اور عمران خان کی کال تک جاری رہے گا، علی امین گنڈاپور کی پریس کانفرنس

عارف علوی نے کہا کہ یہ ویڈیو ریکارڈ کے لیے پیش کی جارہی ہے جس میں صاف لگتا ہے کہ ان کے کپڑوں میں ’کلاشنکوفیں‘ چھپی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی اور قانون اور جمہوریت کی بحالی کا واحد مطالبہ لے کر اسلام آباد میں آنے والے خوش مزاج مظاہرین ویڈیو میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

سرکاری دھن بجانے والا کرپٹ میراثی میڈیا شہیدوں کی مختلف تعداد بتانے پر تنقید کررہا ہے، عارف علوی

ان کا کہنا تھا کہ درحقیقت حکومت بے شرمی سے اس بات پر اصرار کر رہی ہے کہ کوئی نہیں مرا اور سرکاری پے رول پر کرپٹ میراثی میڈیا وہی گھناؤنی دھن گا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی فائنل کال! ڈی چوک پر قبضہ اور پھر اچانک اسلام آباد خالی، کب کیا ہوا؟

سابق صدر نے کہا کہ ’مجھے تعجب اس بات پر ہے کہ بے شرم اور بے حس میڈیا اس بات پر لگا ہوا ہے کہ پی ٹی آئی والے شہیدوں کی تعداد پر اتفاق نہیں کر پارہے‘۔

انہوں ںے کہا کہ میرا کہنا یہ ہے کہ 10 شہید ہوئے ہیں یا 200 یہ سب میرے پاکستان کے شہری ہیں اور عمران خان کی رہائی اور جمہوریت کی پیاس میں آئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp