پاکستانی ڈراما اندسٹری کی معروف اداکارہ منال خان نے مستقبل قریب میں ٹیلی ویژن ڈراموں میں واپسی کا ارادہ ظاہر کیا ہے تاہم کہا کہ وہ اپنے اداکاری کیریئر کو ختم نہیں کریں گی لیکن فی الحال اپنے بیٹے کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔
زارا نور عباس کے شو ’واٹ موم سینس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے منال خان نے ٹی وی اسکرین پر اپنی ممکنہ واپسی کے بارے میں بات کی ہے اور اپنے مقبول ڈرامے ’جلن ‘ کی کامیابی کے بارے میں تفصیلات بتائی ہیں۔
منال خان نے اداکاری میں واپسی کی شدید خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اکثر خود سے پوچھتی ہوں کہ کیا میں ٹی وی پر واپس آؤں گی اور میں ہمیشہ ہاں میں جواب دیتی ہوں کیونکہ میں واقعی ایسا کرنا چاہتی ہوں۔ لیکن فی الحال، میرا بیٹا میری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اداکاری کو بہت ’یاد‘ کرتی ہوں اور میں بہت جلد ہی اپنی واپسی کو یقینی بناؤں گی۔
منال خان نے اپنے مستقبل کے کرداروں کے بارے میں اپنی خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی رومانوی کہانی میں مرکزی کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ’میں دوبارہ منفی کردار ادا نہیں کرنا چاہتی۔
معروف ڈراما سیریل ’جلن‘کے حوالے سے منال خان نے کہا کہ یہ ایک خاص پروجیکٹ تھا اور میں نے اس میں اپنی بہن کی وراثت کو آگے بڑھانے کے لیے سخت محنت کی‘۔
واضح رہے کہ منال خان نے اداکار احسن محسن اکرام سے شادی کی ہے اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے، شادی کے بعد منال خان نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی جس کی وجہ سے ان کے مداح ان کی اسکرین پر واپسی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔