اداکارہ ثمینہ احمد نے منظر صہبائی سے شادی کا فیصلہ کیوں کیا؟

پیر 2 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر منظر صہبائی نے انہیں شادی کی پیشکش کی تھی جس پر وہ چونک گئیں۔

ثمینہ احمد نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بھی بات کی۔ اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچے بیرون ملک مقیم ہیں لیکن شادی کے بعد ان کی زندگی کی تنہائی ختم ہوگئی ہے اب انہیں ساتھی مل چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈراما سیریل ’بے بی باجی‘ پر مداح جذباتی کیوں؟

اداکارہ نے بتایا انہیں منظر صہبائی کی شخصیت کافی دلچسپ لگی، ڈرامے میں انہوں نے میاں بیوی کا کردار نبھایا تھا جب ڈرامہ ختم ہوا توان کی بات چیت شروع ہوئی اور ایک دو بار کھانے پر ملاقات ہوئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دن ایسے ہی بیٹھے تھے کہ انہوں نے کہا آؤ شادی کرلیتے ہیں جس پر اداکارہ چونک گئیں اور جواب دینے کے بجائے سوال کیا کہ کیا آپ کو واقعی ایسا لگتا ہے کہ ہمیں شادی کرنی چاہیے؟ اداکارہ نے کہا جواب میں منظر بولے ہاں مجھے یہی لگتا ہے، تم کیا کہتی ہو؟ جس پر وہ نکاح کے لیے رضامند ہوگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب انہیں گھرجاتے وقت احساس ہوتا ہے کہ کوئی ان کا منتظر ہےاوروہ جاکر ان سے باتیں کریں گی۔ سینیئر اداکارہ نے کہا کہ زائد العمری میں شادی کرنے کے فیصلے پر ان کے بچے بھی حیران ہوگئے تھے اور انہوں نے کہنا شروع کیا کہ ’اماں کو کیا ہوگیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: عثمان پیرزادہ اور ثمینہ پیرزادہ نے بھاگ کر شادی کیوں کی؟

حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے ’بے بی باجی کی بہوئیں‘ پر بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ ڈرامہ اتنا سپر ہٹ ہوگا، انہوں نے واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ وہ بیرون ملک سے واپس وطن لوٹیں تو ائیر پورٹ پر بے بی باجی کے نعرے لگائے گئے جس نے انہیں حیرت میں ڈال دیا۔

خیال رہے کہ ثمینہ احمد اور منظر صہبائی نے اپریل 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران لاہور میں سادگی سے نکاح کیا تھا۔

70 برس کی ثمینہ احمد نے 18 سال کی عمر میں پی ٹی وی کے ڈراموں میں کام کرنا شروع کیا۔ انھوں نے اپنے کیریئر میں اکڑ بکڑ، الف نون، فیملی فرنٹ، ڈولی کی آئے گی بارات، آنگن، گل رانا اور سنگت جیسے ڈراموں میں کام کیا۔

دوسری طرف 70 سالہ منظر صہبائی اپنے کیریئر میں ماہ میر، بول اور زندہ بھاگ جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ حال ہی میں ڈرامہ ’الف‘ میں منظر صہبائی کی اداکاری کو بھی خوب پذیرائی ملی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp