ڈونلڈ ٹرمپ بھارتیوں کے ساتھ اپنے سمدھیوں کو بھی بڑے عہدوں سے نوازنے لگے

پیر 2 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نومنتخب امریکی صدر نے انتخابات میں کامیابی کے بعد ثابت کیا ہے کہ وہ یاروں کے یار ہیں جو اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو بھولتے نہیں، بھلے وہ کسی بڑے عہدے کے اہل نہ ہوں، ٹرمپ انہیں کامیابی کے سفر میں اپنے ساتھ لے کر چلتے ہیں۔

صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے آئندہ دور صدارت کے لیے اہم وزارتوں اور عہدوں کے لیے نامزدگیوں کے اعلانات شروع کیے تو اس کے لیے سب سے پہلے اپنے دوستوں کا انتخاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کتی شادیاں کیں اور کتنی خواتین سے تعلقات رہے؟

ڈونلڈ ٹرمپ اب تک کئی ایسے ناموں کا اعلان کرچکے ہیں، جس پر امریکی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے ذی شعور انسان حیران اور پریشان ہیں۔ اب خبر آئی ہے کہ دوستوں کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے رشتے داروں کو بھی عہدے بانٹنے شروع کردیے ہیں۔

ٹیفنی ٹرمپ کے سسر مساد لوبوس

اس حوالے سے جو 2 نام سامنے آئے ہیں وہ ان کے سمدھیوں کے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی 2 بیٹیاں ہیں جن کے سسران کو ٹرمپ نے اہم عہدوں سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم حکومتی عہدوں کے لیے نامزدگیوں کا اعلان، ایلون مسک کا کیا کردار ہوگا؟

ہفتے کے روز ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی بڑی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کے سسر اور رئیل اسٹیٹ ڈویلپر چارلس کشنر کو اپنے آئندہ دور صدارت میں فرانس کے لیے امریکی سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایوانکا ٹرمپ کے سسر چارلس کشنر

’انصاف کے تقاضوں‘ کو مدنظر رکھتے اگلے ہی روز ٹرمپ نے اپنی چھوٹی بیٹی ٹیفنی ٹرمپ کے لبنانی نژاد سسر اور بزنس مین مساد بولوس کو سینیئر مشیر برائے عرب اور مشرق وسطیٰ نامزد کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ میں نئی تعیناتیاں، وزیر خارجہ کا اہم منصب کون سنبھالے گا؟

اپنی بیٹیوں کے سسران کو اہم عہدے نوازنے پر ٹرمپ کے خلاف سخت تنقید کی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ ان کے فیصلوں سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ ان کا آئندہ دور صدارت کس طرح کا ہوگا۔

ایف بی آئی کے متوقع سربراہ کاش پٹیل

دوسری جانب، ٹرمپ اہم عہدوں کے لیے بھارتی نژاد شہریوں کے ناموں کا بھی دھڑا دھڑ اعلان کررہے ہیں، جس پر امریکی ایوان نمائندگان، سینیٹرز، شہری اور میڈیا ٹرمپ کے ان متنازعہ فیصلوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ بھارتی نژاد وزیر کا روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق بڑا دعویٰ، معاملہ کیا ہے؟

اتوار کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پرانے ساتھی کشیاپ (کاش) پٹیل کو فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) جیسے اہم ادارے کا سربراہ نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ کاش پٹیل ڈونلڈ ٹرمپ کے بطور صدر پہلے دور میں وزارت دفاع میں چیف آف اسٹاف کے عہدے پر تعینات تھے۔

ایلون مسک کے ساتھ ایک نئے مجوزہ امریکی محکمے کی سربراہی کے لیے نامزد کیے گئے ویوک راما سوامی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ

قبل ازیں، ڈونلڈ ٹرمپ بھارتی نژاد شہریوں ویوک راماسوامی، ڈاکٹر جے بھٹاچاریہ، اوشا وینس اور تلسی  گبارڈ کو مختلف وزارتوں اور اداروں کے سربراہان کے طور پر نامزد کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp