انڈر 19 ایشیا کپ: شاہزیب خان کی پھر شاندار سینچری، یو اے ای کو 69 رنز سے شکست

پیر 2 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے انڈر19 ون ڈے ایشیا کپ میں گروپ اے کے ساتویں میچ میں متحدہ عرب امارات کو 69 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے، پاکستان کے 314 رنز کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان نے سیمی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں:انڈر 19 ایشیا کپ: شاہ زیب خان کی شاندار اننگز، پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دیدی

متحدہ عرب امارات میں گروپ اے کے ساتویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی اننگز کی خاص بات ایک بار پھر شاہزیب خان کی 132 رنز کی شاندار اننگز تھی جبکہ ان کا بھرپور ساتھ محمد ریاض اللہ نے دیا، انہوں نے بھی شاندار 106 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کے 314 رنز کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن اس کی پہلی وکٹ محض 30 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب یاین رائے 18 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 44 کے مجموعی اسکور پر گری جب آرین سکسینہ 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

متحدہ عرب امارات کی تیسری وکٹ 57 کے مجموعی اسکور پر گری جب اکشت رائے 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ 170  کےمجموعی اسکور پر گری جب محمد ریان 50 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پانچویں وکٹ 184 کے مجموعی اسکور پر گری جب نور اللہ ایوبی محض ایک رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

متحدہ عرب امارات کی چھٹی وکٹ 202  کے مجموعی اسکور پر گری جب آیان افضل خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ساتویں وکٹ 204 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایتھن ڈیسوزا 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

عرب امارات کی آٹھویں وکٹ 209 کے مجموعی اسکور پر گری جب عبداللہ طارق صرف ایک رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اُدیش سوری نے نا قابل شکست 29 رنز اسکور کیے۔

مزید پڑھیں:پاکستان انڈر 19 ٹیم شاندار فتح کے ساتھ سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے فائنل میں پہنچ گئی

پاکستان کی جانب سے عبدالصبحان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے اپنے 10 اوورز میں 57 رنز دے کر متحدہ عرب امارات کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کے اوپنر بلے بازوں نے ایک بار پھر شاندار کھیلے کامظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز بنائے، پاکستان کی پہلی وکٹ  94 کے مجموعی اسکور پر گری جب عثمان خان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 277 کے مجموعی اسکور پر گری جب شاہزیب خان ایک بار پھر شاندار سینچری کرنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

شاہزیب خان کی 132 رنز کی اننگز میں 6 چھکے اور 11 چوکے شامل ہیں، انہوں 136 گیندوں پر 132 رنز بنائے، تیسری وکٹ 314 رنز پر گری جب محمد ریاض اللہ بھی شاندار سینچری اسکور کرنے کے بعد آؤٹ ہو گئے، محمد ریاض اللہ نے 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 91 گیندوں پر 106 رنز اسکور کیے۔ فہیم الحق نے نا قابل شکست 20 رنز اسکور کیے۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے نور اللہ ایوبی نے 2 جبکہ ادیش سوری نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ  انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اوپنر بیٹرز شاہزیب خان کے شاندار 159 اور عثمان خان کے شاندار 60 رنز کی اننگز کی بدولت روایتی حریف بھارت کو اپنے پہلے میچ میں 43 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں شاندار آغاز کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp