انڈر 19 ایشیا کپ: شاہ زیب خان کی شاندار اننگز، پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دیدی

ہفتہ 30 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اوپنر بیٹرز شاہ زیب خان کے شاندار 159 اور عثمان خان کے شاندار 60 رنز کی اننگز کی بدولت روایتی حریف بھارت کو اپنے پہلے میچ میں 43 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں شاندار آغاز کیا ہے۔

ہفتہ کے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان کے 281 رنز بنائے، جس کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم  47 اوورز میں 238 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ۔

پاکستان کے 281 رنز کے تعاقب میں بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 28  کے مجموعی اسکور پر گری جب آیوش مہاترے20 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے دوسری وکٹ بھی 28  کے مجموعی اسکور پر گری جب وائبھو سوریاونشی صرف ایک رنز بنا پائے تھے کہ آؤٹ ہو گئے۔

بھارت کی تیسری وکٹ 51 کے مجموعی اسکور پر گری جب سی آندرے سدھارتھ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ 81 کے مجموعی اسکور پر گری جب بھارتی ٹیم کے کپتان محمد امان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پانچویں وکٹ 134 کے مجموعی اسکور پر گری کرن چورملے 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

بھارت کی چھٹی وکٹ 174 کے مجموعی اسکور پر گری جب نکھل کمارشاندار 67 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

بھارت کی  ساتویں وکٹ 182 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہرونش پنگالیہ 26 رنز پر آؤٹ ہو گئے، آٹھویں وکٹ 182 کے مجموعی اسکور پر گری جب سمرتھ ناگراج صفر پر آؤٹ ہو گئے، بھارت کی نویں وکٹ 190 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہاردک راج 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بھارت نے آخری وکٹ کی شراکت میں 43 رنز کا اضافہ کیا تاہم بھارت کی جانب سے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد عنان تھے، انہوں نے 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 30 رنز اسکور کیے، یدہاجت گوہا نے 13 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے علی رضا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عبدالصبحان اور فہیم الحق نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نوید احمد خان اور عثمان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 281 رنز بنائے، پاکستان کی اننگز کی خاص بات اوپنر بلے باز شاہ زیب خان کے شاندار 159  اور اوپنر بیٹرعثمان خان کے شاندار 60 رنز کی اننگز تھی۔

اوپنر عثمان خان 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہ زیب  خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 159 رنز بنائے، وہ آخری اوور کی پہلی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ہارون ارشد 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد ریاض اللہ 27، فرحان یوسف صفر، کپتان سعد بیگ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمر زیب 2 جبکہ نوید احمد خان 5 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے سمرتھ ناگراج نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کے 3 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ آیوش مہاترے نے 2 اور یودھاجیت گوہا اور کرن چورملے نے ایک ایک کھلاڑ ی کو آؤٹ کیا۔

ٹورنامنٹ میں گروپ اے کے میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ گروپ بی کے میچز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، جاپان اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی کے مستقبل کا فیصلہ نہ ہوسکا، آئی سی سی بورڈ میٹنگ کل تک ملتوی

افغانستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، دونوں گروپس کی ٹاپ 2 ٹیمیں 6 دسمبر کو شیڈول سیمی فائنل کھیلیں گی۔ ایونٹ کا فائنل 8 دسمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔

پاکستان انڈر 19 اسکواڈ

سعد بیگ (کپتان اور وکٹ کیپر)، احمد حسین، علی اسفند، عامر حسن، عرفات منہاس (نائب کپتان)، اذان اویس، خبیب خلیل، نجاب خان، نوید احمد خان، محمد ریاض اللہ، محمد طیب عارف، محمد ذیشان، شاہ زیب خان، شمیل حسین اور عبید شاہ۔

پہلا میچ پاکستان آج بھارت سے کھیل رہا ہے جبکہ دوسرا میچ متحدہ عرب امارات سے 2 دسمبر اور تیسرا میچ جاپان سے 4 دسمبر کو ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp