وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے حکومت کی کوششوں سے ملکی معیشت مستحکم ہوچکی ہے، اب ہم نے گروتھ کی طرف بڑھنا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دھرنوں سے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا ہوئی، احتجاج کرنے والے توڑ پھوڑ اور آگ لگا رہے تھے، جن کے ہاتھوں رینجرز اور پولیس کے اہلکار شہید ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں ہماری فورسز نے بہترین حکمت عملی اپنا کر احتجاج کا خاتمہ کیا، شہباز شریف
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز کے اہلکار شہید ہوئے، جونہی مظاہرین کو منتشر کیا گیا تو اگلے روز اسٹاک مارکیٹ اوپر چلی گئی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کی محنت سے ملک میں مہنگائی میں کمی آئی ہے جس سے عام آدمی کا بوجھ کم ہوگا، اب ہم گروتھ کی طرف جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ مہنگائی وہ معاملہ ہے جس سے غریب آدمی براہِ راست متاثر ہوتا ہے، مہنگائی 4.9 فیصد پر آجانا عام آدمی کے لیے اچھی خبر ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ افغانستان کو چینی کی اسمگلنگ زیرو ہوگئی ہے جس کے باعث قیمتوں میں استحکام رہا، ہم نے چینی برآمد کرنے کی اجازت دی لیکن قیمتیں اوپر نہیں جانے دیں۔ چینی برآمد کرنے سے ملک کو 500 ملین ڈالر کا فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ آصف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی محنت سے یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی ختم ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں ملکی معیشت درست سمت پر گامزن، آئی ایم ایف سے کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہوئی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
انہوں نے کہاکہ ماضی میں ایک وزیر نے ایوان میں کھڑے ہوکر پی آئی اے کے حوالے سے متنازع بیان دیا جس کا پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا۔