پائیدار مستقبل کے لیے معذور افراد کی قیادت کو بڑھانا ہے، وزیر اعظم کا معذوروں کے عالمی دن پر پیغام

منگل 3 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج دنیا بھر میں معذور افراد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، یہ دن ہمارے معاشرے میں معذور افراد کے حقوق، وقار اور ان کی شمولیت کو فروغ دینے کے عالمی برادری کے اجتماعی عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس سال عالمی دن کا موضوع ’ایک جامع اور پائیدار مستقبل کے لیے معذور افراد کی قیادت کو بڑھانا‘ ہے۔ جو اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ اس سفر کی قیادت ان لوگوں کو کرنی چاہیے جو اس کے چیلنجوں کو خود سمجھتے ہوں۔

معذور افراد کے عالمی دن پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم معذور افراد کو تعلیم، روزگار، صحت کی دیکھ بھال اور عوامی زندگی میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے بامعنی اقدامات کر رہے ہیں۔ ہماری حکومت ان جامع پالیسیوں کو نافذ کرنے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے جو معذور افراد کو بااختیار بناتی ہیں، اور ان کے لیے سماجی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

مزید پڑھیں: خصوصی افراد کی استقامت، ہمت اور قابل قدر کردار کا اعتراف کرتے ہیں، صدر مملکت

شہباز شریف نے کہا کہ ہم اس امر کو یقینی بنا رہے ہیں کہ معذور افراد کا  نقطہ نظر ہماری قومی ترقی کی پالیسی میں شامل ہو، اور ہم  ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کریں جو قائدین، اختراع کاروں، اور تبدیلی سازوں کے طور پر ان کی شراکت کو اہمیت دیتا ہو۔ معذور افراد کے لیے دوستانہ قوانین کا نفاذ اس وژن میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

مزید برآں، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معذور افراد کی مدد کے لیے انتھک محنت کرنے والوں، ان کی نگہداشت کرنے والوں، وکالت کرنے والے افراد اور  تنظیموں کے کام اور انکے  تعاون  کو سراہنا چاہیے۔

انہوں نے سرکاری اداروں، کاروباری شعبے  اور سول سوسائٹی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ معذور افراد کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے اور ایسے ماحول کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں جہاں معذور افراد بطور رہنما اپنا کردار ادا کر سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp