بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ نرگس فخری کی بہن عالیہ فخری کو نیو یارک کے شہر کوئنز میں قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ فخری کو سابق بوائے فرینڈ ایڈورڈز جیکبز اور اس کی دوست ایناستاسیا ایڈین کے قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق 43 سالہ عالیہ کی ضمانت مسترد کر دی گئی ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک دو منزلہ مکان کو آگ لگائی جس کے نتیجے میں ان کا سابق بوائے فرینڈ اور ان کی دوست دھوئیں سے دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ نرگس فخری کی زندگی ایک ای میل نے کیسے تبدیل کردی؟
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 2 دسمبر کی صبح نیویارک میں پیش آیا جب 43 سالہ عالیہ فخری 2 منزلہ گھر کے باہر پہنچیں اور زور زور سے چیخی چلائیں کہ ‘آج تم سب کا آخری دن ہے، تم سب مرو گے’، اس کے بعد مکان میں آگ بھڑکتی ہوئی دیکھی گئی۔ جائے وقوعہ پر موجود ایک گواہ نے بتایا کہ ایناستاسیا ایڈورڈ جیکبز کو بچانے کے لیے جلتی ہوئی عمارت میں واپس گئی تھیں۔ گواہ نے یہ بھی بتایا کہ عالیہ اور ایڈورڈ کا ’بدسلوکی والا رشتہ‘ تھا۔ اور عالیہ نے پہلے بھی کہا تھا کہ وہ اس گھر کو جلانے والی تھیں۔
مذکورہ معاملے پر نرگس فخری کا کوئی بیان تاحال سامنے نہیں آیا، جبکہ نرگس فخری کی والدہ نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالیہ فخری کسی کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتی وہ مددگار اور دوسروں کا خیال رکھنے والی شخصیت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بالی وڈ ستارے جو بھارت میں پیدا نہیں ہوئے مگر انڈسٹری کی پہچان بن گئے
جیکبز کی والدہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ عالیہ جیکبز سے دوبارہ اپنے تعلقات بحال کرنا چاہتی تھی لیکن جیکب اس کے لیے رضامند نہیں تھا، وہ اب ایڈین کے ساتھ تھا اور وہ دونوں بہت خوش تھے، جیکبز کی والدہ کے مطابق عالیہ نے یہ انتہائی قدم جلن اور حسد میں اٹھایا۔
واضح رہے کہ اداکارہ نرگس فخری نے رنبیر کپور کی فلم راک اسٹار سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور اس کے بعد متعدد فملوں میں نظر آئیں جن میں مدراس کیفے، میں تیرا ہیرو، اور ہاؤس فل 3 شامل ہیں۔ انہوں نے ہالی ووڈ کی ایکشن کامیڈی اسپائی میں بھی کام کیا۔ فی الحال وہ تیلگو فلم ہری ہرا ویرا مالو میں کام کر رہی ہیں اور ہاؤس فل 5 میں بھی نظر آئیں گی۔ یہ فلم 6 جون 2025 کوبھارتی سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم میں نرگس کے ساتھ اکشے کمار، رتیش دیش مکھ، ابھیشیک بچن اور سجنے دت بھی شامل ہیں۔