قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے بھارت کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے ہیں۔
حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کے پروگرام میں ڈاکٹر نعمان نیاز سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے بتایا کہ ان کے ایک بھائی اور خاندان کے بیشتر افراد انڈیا میں رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’تم کہاں جاؤ گے سوچو محسن‘ راشد لطیف کی محسن نقوی پر شاعرانہ تنقید
راشد لطیف نے ہندی انداز اپناتے ہوئے کہا، ’ملک چھوڑ دیا ہے اس کا مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کو بھی بھول جائیں، رنگ تو نیلا ہی رہے گا نا ہمارا۔‘
انہوں نے کہا، ’ہمارے ایک بھائی اور90 فیصد فیملی سلطان پور میں رہتے ہیں، گوروں نے اتر پردیش کا نام ایسے ہی نہیں اپر پروونس رکھا تھا۔‘
راشد لطیف نے مزید کہا، ’سیاست میں، برین (دماغ) میں اور گالیوں میں نمبر ون اتر پردیش ہے، ہم لوگ وہاں سے ہیں، تو پنگا نہیں لینے کا اپن سے۔‘
Rashid latif is now Claiming he is Indian😂😂 pic.twitter.com/YGbfuCDLmp
— The StatPadder (@The_statpadder) December 2, 2024
خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹر راشد لطیف کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد عبدالطیف قریشی 1950ء کی دہائی میں بھارتی ریاست اتر پردیش سے ہجرت کرکے پاکستان میں آباد ہوئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، عبدالطیف قریشی کے سوتیلے بھائی شاہد لطیف نے اس وقت بھارت میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں ایک اخبار کے لیے کام کرنے لگے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ہمیں آسٹریلین مٹی نہیں بلکہ ان کی کرکٹ سوچ کی ضرورت ہے، سابق کپتان راشد لطیف
واضح رہے کہ راشد لطیف کو پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں بہترین وکٹ کیپر گردانا جاتا ہے۔ وہ 1992 سے 2003 درمیان 37 ٹیسٹ میچز اور 166 ون ڈے میچز میں پاکستانی کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
انہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں 28.77 کی اوسط سے 1381 رنز بنائے جبکہ ون ڈے میں 19.42 کی اوسط سے 1709 رنز بنائے ہیں۔ بطور وکٹ کیپر انٹرنیشنل کرکٹ میں انہوں نے 301 کیچز پکڑے جبکہ 49 اسٹمپ آؤٹ کیے ہیں۔














