توانائی کی تلاش: ماڑی پیٹرولیم کمپنی کا اورینٹ پیٹرولیم انک سے معاہدہ

جمعرات 13 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

توانائی کے شعبہ میں اہم ملکی کمپنی ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے توانائی کے ذخائر کی تلاش میں کوشاں اورینٹ پیٹرولیم انک  کے ساتھ وزیرستان بلاک میں گیس کی دریافت کے ضمن میں ابتدائی پیداواری سہولیات کی فراہمی کا معاہدہ کیا ہے۔

ماڑی پیٹرولیم نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں اس پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے اورینٹ پیٹرولیم انک پیداوار کے آغاز سے دوسال کی مدت کے لیے آپریشن اور مرمت کی خدمات فراہم کرے گا۔

معاہدے میں ماڑی پیٹرولیم کے لیے ابتدائی پیداواری سہولیات کے لیے درکار سازو سامان خریدنے کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔

پچھلے سال جون میں ماڑی پیٹرولیم نے سوبہ خیبرپختونخوا میں توانائی کے ذخائر کے لیے مختص وزیرستان بلاک میں شیوا- ون کنویں میں گیس اور کنڈینسیٹ کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔

لگ بھگ 55 فیصد کام میں دلچسپی کے ساتھ ماڑی پیٹرولیم کمپنی وزیرستان بلاک میں توانائی کے ذخائر کی دریافت میں مشغول ہے جبکہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی اور اورینٹ پیٹرولیم انک  اس منصوبے میں بالترتیب 35 اور 10 فیصد کام کرنے کی دلچسپی کے ساتھ کے شراکت دار ہیں۔

ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے یہ پیش رفت ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان کو اپنے توانائی کے ذخائر میں مسلسل کمی کے باعث ایندھن کے کارگو حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرنا پڑرہی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر محض 4 ارب 2 کروڑ ڈالرز رہ جانے کے باعث ملکی معیشت ادائیگی کے توازن کے بحران میں گھری ہوئی ہے، جو ایک ماہ کی درآمدات کو پورا کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔

دریں اثنا حکومت کی جانب سے درآمدات پر عائد سخت پابندیوں سے ملک میں صنعتی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp