چیمپیئنز ٹرافی، بھارتی بورڈ پاکستان کے پیش کردہ فارمولے کو قبول کرنے میں تذبذب کا شکار کیوں؟

منگل 3 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیمپیئنز ٹرافی پر بھارت کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی تجویز پر ابھی تک کوئی مثبت رد عمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ پاک بھارت میچز 3 سال تک نیوٹرل مقام پر منعقد کرانے پر آمادگی کے لیے کسی تحریری ضمانت سے گریزاں ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کی پیشکش ماننے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہے، پاکستان نے بھارت کو دونوں ممالک کی مرد اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کے مابین آئی سی سی ایونٹس کے میچز نیوٹرل مقام پر منعقد کرانے کی تجویزدی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی 2025: پی سی بی کا پیش کردہ ’پارٹنرشپ یا فیوژن فارمولا‘ کیا ہے؟

بی سی سی آئی کے مطابق انڈیا میں سیکیورٹی مسائل نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز نہیں مانی جاسکتی، بھارتی میڈیا کے مطابق ہائبرڈ ماڈل نہ ماننے کی صورت میں آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے شفٹ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

 دوسری جانب پاکستان نے بھارت سے تحریری ضمانت مانگی ہے، تحریری ضمانت نہ ملنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل چیمپیئنز ٹرافی کا فیصلہ کرے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی عزت مقدم، چیمپیئنز ٹرافی میں یکطرفہ فیصلے نہیں ہونے دیں گے، محسن نقوی

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں آئے گی تو پاکستانی کرکٹ ٹیم بھی وہاں بھارت میں نہیں کھیلی گی۔

پاکستان نے 3 سال تک پاک بھارت آئی سی سی کے تحت شیڈول میچز نیوٹرل مقامات پر منعقد کرانے کی تجویز دی تھی، محسن نقوی کے مطابق پاک بھارت کرکٹ معاملات میں جو ہوگا برابری کی بنیاد پر ہوگا، یہ نہیں ہوسکتا کہ بھارت یہاں نہ آئے اور پاکستان وہاں جاکر کھیلے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp