پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے نیا ’پارٹنرشپ یا فیوژن فارمولا‘ تجویز کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی عزت مقدم، چیمپیئنز ٹرافی میں یکطرفہ فیصلے نہیں ہونے دیں گے، محسن نقوی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیڈ لاک ختم کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد فروری مارچ کے دوران ہونا تھا تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی اور پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے انکار کے بعد پی سی بی اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے درمیان کشیدہ صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک نیا طریقہ کار تجویز کیا ہے جسے ’پارٹنرشپ یا فیوژن فارمولا‘ کا نام دیا گیا ہے، اس فارمولے کے تحت جب کسی ایونٹ کی میزبانی دونوں میں سے کسی ایک کے پاس ہو گی تو پھر پاکستان اور بھارت اپنے اپنے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلیں گے۔
اس تجویز کا مقصد میزبانی کے حقوق پر تعطل کو ختم کرنا ہے، جس سے دونوں ممالک کو اپنے میچز نیوٹرل مقامات پر کھیلنے کی اجازت مل جائے گی، جبکہ ٹورنامنٹ اپنے اصل میزبان ملک میں ہی رہے گا۔
اس فارمولے کا اطلاق اگلے 3 سال تک آئی سی سی ایونٹس پر ہوگا۔ اگر پی سی بی اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا دونوں اسے قبول کرتے ہیں تو اس کا آغاز چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے ہو سکتا ہے، جو لاہور، راولپنڈی اور کراچی سمیت پاکستان کے متعدد شہروں میں کھیلے جانے کی توقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے اجلاس اور جاری بات چیت کے دوران پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ وہ آئی سی سی سے کوئی اضافی ریونیو حاصل نہیں کر رہا ہے۔ بورڈ نے ٹورنامنٹ کی آمدنی کا بڑا حصہ حاصل کرنے کی پیش کش کو مسترد کردیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ اس کی بنیادی تشویش مالی فائدہ نہیں بلکہ ملک کی عزت و وقار کا احترام ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی: بھارت کو پاکستان آنا ہوگا، چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی کو حکومتی مؤقف سے آگاہ کردیا
رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے امید ظاہر کی ہے کہ اس تجویز سے موجودہ تعطل کا مثبت حل نکلے گا۔
واضح رہے کہ اس وقت کرکٹ کیلنڈر کے سب سے باوقار ٹورنامنٹس میں سے ایک چیمپیئنز ٹرافی 2025 بین الاقوامی کرکٹ کے سفارتی منظر نامے میں ایک اہم مسئلہ بنی ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی دبئی میں اہم ملاقاتیں
آئی سی سی کے بورڈ ڈائریکٹرز کا اجلاس جمعہ کو دبئی میں ہوا جو 15 منٹ سے بھی کم وقت میں ختم ہوگیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کئی اعلیٰ حکام کے ہمراہ اس وقت متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں جہاں پاک بھارت کرکٹ بورڈ کے حکام اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے در پردہ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔