لاہورہائیکورٹ میں نگران حکومت پنجاب کو تقررو تبادلوں کے مکمل اختیارات دینے کے خلاف کیس میں عدالت نے الیکشن کمیشن کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت عالیہ میں نگران حکومت پنجاب کو تقرر و تبادلوں کے مکمل اختیارات دینے کےخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کیس کی سماعت کی۔
درخواست گزار، تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے وکیل مبین الدین قاضی اور ظفر اقبال منگن نے دلائل دئیے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ایک ہی نوٹیفیکیشن کے ذریعے الیکشن کمیشن نے نگران حکومت پنجاب کو تقرر و تبادلوں کا مکمل اختیار دے دیا۔ الیکشن کمیشن کا اقدام الیکشن ایکٹ، ملکی قوانین اور عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔ تقرر و تبادلوں کے لیے قانونی جواز ہونا آئینی اور قانونی تقاضا ہے۔ نگران حکومت پنجاب کو سیاسی مفادات کے لیے تقرر و تبادلوں کے مکمل اختیارات دئیے گئے۔
وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرر و تبادلوں کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دے۔
اس پرعدالت نے الیکشن کمیشن کے ذمہ دار افسر کوجواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 17اپریل تک ملتوی کردی۔