حلوہ ایک معروف روایتی ڈش ہے جس کا شمار میٹھی غذا میں ہوتا ہے۔ حلوے کی مختلف اقسام جیسے گاجر کا حلوہ، کدو کا حلوہ، سوجی کا حلوہ، دال کا حلوہ ان کے بارے میں تو آپ نے سنا ہو گا لیکن کیا آپ نے کبھی مرچ کا حلوہ دیکھا ہے جس کا نام ذہن میں آتے ہی کڑوے ذائقے کا احساس ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئس کریم پکوڑہ کی ویڈیو وائرل: ’اب دنیا کو چھوڑنے کا وقت آچکا‘
سوشل میڈیا پر ایک ایسی ہی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شادی کی تقریب میں مرچ کا حلوہ دکھایا گیا ہے، بڑی مرچوں کے ساتھ تیار کردہ حلوے کا رنگ سبز تھا جس کے بارے میں ویڈیو ریکارڈ کرنے والے صارف کا کہنا تھا کہ انہوں نے تمام اقسام کا میٹھا کھایا ہے لیکن مرچ کا حلوہ پہلی بار دیکھا ہے۔
View this post on Instagram
صارفین کی جانب سے مرچ کا حلوہ دیکھنے کے بعد حیرانی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ کئی صارفین نے الجھن میں سوال کیا کہ یہ حلوہ میٹھا ہے یا مصالحےدار جبکہ ایک صارف نے سوال کیا کہ مرچ کا حلوہ کھانے کے بعد کیا حال ہوا ہو گا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ یہ مونگ کی دال کا حلوہ ہے، کوئی کھا نہ لے اس لیے اوپر مرچ رکھی ہے۔
کئی صارفین نے کہا کہ کھا کے بتائیں حلوہ کیسا تھا جبکہ بیشتر صارفین ایسے بھی تھے جو یہ کہتے نظر آئے کہ وہ بھی ایک بار یہ حلوہ ضرور ٹرائی کرنا چاہتے ہیں۔
گزشتہ چند عرصے سے بھارت میں منفرد اور عجیب قسم کی ڈشز تیار کی جارہی ہیں جس کا مقصد صرف ویوز حاصل کرنا ہوتا ہے اور کھانے پینے والی اشیاء کے ساتھ کیے جانے والےغیر معمولی تجربات دیکھتے ہی دیکھتے خوب وائرل بھی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: بریانی آئس کریم کی ویڈیو وائرل: ’یہ آئس کریم بنانے والے کو جیل بھیج دینا چاہیے‘
کچھ عرصہ قبل ہی سوشل میڈیا پر انڈیا کے شہر چندی گڑھ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جہاں ایک ہوٹل میں مبینہ طور پر ڈیزل میں پراٹھے بنائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور ویڈیو میں چائے بنانے والے کو چائے میں پیپسی ڈالتے ہوئے دیکھا گیا، اس کے علاوہ آئس کریم پکوڑہ اور بریانی آئس کریم کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں جس پر صارفین نے خوب تنقید کی تھی۔