دنیا بھر میں نت نئے کھانوں کے شوقین افراد کے لیے مختلف تجربات سامنے آتے رہتے ہیں، انڈین سٹریٹ فوڈ تو ان تجربات کے لیے مشہور ہے لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دبئی کے ایک مال میں آئس کریم کے مختلف فلیورز دکھائے جاتے ہیں۔ جس میں روایتی فلیورز کے بجائے کیچپ، چپس، بریانی، زیتون کا تیل اور چائے کے فلیور والی آئسکریم شامل تھی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک یوٹیوبر آئس کریم کے مختلف فلیور چکھتا ہے اور بریانی کے ذائقے والی آئس کریم کے بارے میں ردعمل دیتے ہوئے کہتا ہے کہ ایسی کوئی چیز نہیں ہونی چاہیے۔ انہیں چائے کے ذائقے والی آئس کریم سب سے زیادہ پسند آئی اور زیتون کے تیل والی آئس کریم کو بھی انہوں نے حیرت انگیز قرار دیا۔
View this post on Instagram
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے۔ ایک صارف نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جس نے بھی بریانی کے ذائقے والی آئسکریم بنانے کی تجویز دی ہے اسے جیل بھیج دینا چاہیے۔ جبکہ ایک صارف کا کہنا تھا کہ انہیں لگا شاید انہوں نے ’بریانی آئس کریم‘ کا لفظ غلط سنا ہے۔
ایک صارف نے سوال کیا کہ بریانی آئس کریم میں کن مصالحوں کا انتخاب کیا گیا ہے؟ جہاں کئی صارفین اس آئس کریم بنانے والے پر تنقید کرتے نظر آئے وہیں چند صارفین نے ان ذائقوں کو چکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
واضح رہے حالیہ چند برسوں میں کھانے پینے والی اشیاء کے ساتھ غیر معمولی تجربات کیے گئے ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے خوب وائرل بھی ہو گئے۔ ان میں ڈیزل والے پراٹھے اور پیسپی والی چائے اور آئس کریم پکوڑہ بھی شامل ہیں جنہیں عوام کی جانب سے خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان عجیب و غریب پکوانوں پر سوالیہ نشان بھی اٹھائے گئے۔