مقبول اداکار، پروڈیوسر و ٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ کو حال ہی میں برطانوی پارلیمنٹ میں 2 ایوارڈز سے نواز دیا گیا، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
فہد مصطفیٰ کو ہاؤس آف کامنز اور ہاؤس آف لارڈز کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہاؤس آف کامنز کی جانب سے فہد مصطفیٰ کو ’ڈائیور سٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ ایوارڈ جبکہ ہاؤس آف لارڈز کی جانب سے ’گلوبل کلچرل یونٹی ایوارڈ‘ پیش کیا گیا۔
برطانوی پارلیمنٹ سے ایوارڈز وصول کرنے کی تصاویر اور ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے ایک پیغام بھی درج کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری کہانیاں اہمیت رکھتی ہیں، یہ ایوارڈ صرف میری پہچان نہیں ہے بلکہ پاکستان کے ہر فنکار اور خواب دیکھنے والے شخص کے لیے ہے جو بڑے خواب دیکھنے کی ہمت رکھتا ہے اور اس کے لیے تمام حدیں پار کر جاتا ہے۔
View this post on Instagram
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک قابل فخر پاکستانی کی حیثیت سے میں باوقار ہاؤس آف کامنز میں ڈائیورسٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ ایوارڈ اور گلوبل کلچرل یونٹی ایوارڈ حاصل کرنے پر بے حد اعزاز اور عاجزی محسوس کر رہا ہوں۔ جب بھی میں یہاں کھڑا ہوتا ہوں اور اپنے وطن کی نمائندگی کرتا ہوں مجھے پاکستان اور اس کے لوگوں کی ناقابل یقین طاقت خوبصورتی اور صلاحیت یاد آتی ہے۔
یاد رہے اس سے قبل معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو بھی برطانوی پارلیمنٹ میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔