نیند کی کمی ناقص غذا سے بھی زیادہ خطرناک

اتوار 15 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یہ بات امریکا میں ہونے والی تحقیق میں سامنے آئی ہے— اے ایف پی فائل فوٹو
ورزش سے دوری اور ناقص غذا کے استعمال کے نقصانات سے تو بیشتر افراد واقف ہیں اور طیب ماہرین بھی اکثر اس پر تحقیقی مطالعہ جاتی رپورٹس جاری کرتے رہتے ہیں مگر نیند کے بارے میں کیا خیال ہے جو زندگی کے ایک تہائی حصے کے برابر ہے؟

ایک امریکی تحقیق کے مطابق نیند آپ کی صحت کے لیے اندازوں سے بھی زیادہ اہم ہے اور نتائج سے یہ ثابت بھی ہوا ہے۔

لاس اینجلس کے سیڈرز سینائی میڈیکل سینٹر کی تحقیق میں نیند کی کمی کے انسولین کی حساسیت پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ چھ ماہ تک بہت زیادہ چربی والی غذاﺅں کے استعمال سے اگر انسولین کی حساسیت میں 21 فیصد کمی آتی ہے تو محض ایک رات کی نیند کی کمی ہی انسولین کی حساسیت کی شرح 33 فیصد تک کم ہوجاتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ تحقیق کے مطابق ایک رات کی نیند کی محرومی بھی چھ ماہ تک ناقص غذاﺅں کے استعمال کے مقابلے میں زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیند بلڈ شوگر لیول کو مستحکم رکھنے، موٹاپے اور ذیابیطس جیسے امراض کا خطرہ کم کرتی ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر آپ خود کو فٹ رکھنے کے لیے ورزش کرتے ہیں اور مناسب غذا بھی لیتے ہیں مگر نیند کی کمی کا شکار ہیں تو آپ کی صحت متاثر ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ بیشتر افراد متوازن غذا کی اہمیت کو تو سمجھتے ہیں مگر نیند کی افادیت کے حوالے سے واقف نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp