جوڈیشل کمیشن کا 6 دسمبر کا اجلاس مؤخر کیا جائے، جسٹس منصور علی شاہ کا چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط

جمعرات 5 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر جوڈیشل کمیشن کا 6 دسمبر کا اجلاس مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے تحت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نو کی گئی تھی جبکہ 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف 2 درجن سے زائد درخواستیں زیرالتوا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جب تک آئینی بینچ نہیں بیٹھے گا کیا ہم غیر آئینی ہیں؟ جسٹس منصور علی شاہ

اپنے خط میں جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستیں منظور بھی ہوسکتی ہیں اور مسترد بھی، 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست اگر منظور ہوتی ہے تو جوڈیشل کمیشن کے فیصلوں کی وقعت ختم ہو جائے گی۔

جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا ایسی صورتحال ادارے اور ممبران کے لیے شرمندگی کا باعث بنے گی، لہٰذا 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں کا فیصلہ ہونے تک جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخر کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ’کچھ مقدمات ہمارے پاس بھی رہنے دیں‘ جسٹس منصور علی شاہ نے ایسا کیوں کہا؟

خط میں چیف جسٹس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لیے فل کورٹ تشکیل دیں اور رجسٹرار سپریم کورٹ کو درخواستیں سماعت کے لیے لگانے کا حکم جاری کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp