انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو پر حملہ کیے جانے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان سمیت دیگر ملزمان کیخلاف فرد جرم کی کارروائی چھٹی مرتبہ موخر
فرد جرم اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران پڑھ کر سنائی۔ عمران خان اور شیخ رشید سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
پولیس نے اسی سلسلے میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت، احمد علی چٹھہ اور بانی پی ٹی آئی کے اسٹاف میں شامل عظیم الدین کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا۔
عمران خان سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔ ملزمان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور پی ٹی آئی رہنما راشد شفیق و زرتاج گل بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیے: جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد ملزمان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد
یاد رہے کہ 9 مئی کو جی ایچ کیو پر حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں بانی پی ٹی آئی سمیت 143 ملزمان نامزد ہیں اور ان میں سے 23 ملزمان کو پہلے ہی اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔