نیپرا نے بجلی کی قیمت مزید کم کردی، سرمائی پیکج کا بھی اعلان

جمعہ 6 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے دسمبر سے فروری تک بجلی صارفین کے لیے خصوصی سرمائی پیکج متعارف کرواتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی کردی گئی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ میکنزم کے تحت اکتوبر کے لیے 1.14 روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دی ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 1.1 روپے فی یونٹ کمی کی درخواست کے بعد 26 نومبر کو سماعت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تھا۔

قیمتوں میں کٹوتی کا اطلاق ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈی آئی ایس سی اوز) کے 100 یونٹ سے زیادہ استعمال کرنے والے تمام صارفین پر ہوگا۔ تاہم اس میں لائف لائن صارفین اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشن شامل نہیں ہیں۔ نیپرا نے قیمتوں میں کمی کی تصدیق کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

 مزید پڑھیں کراچی کے لیے 9.8 روپے فی یونٹ بجلی کی فراہمی کی پیشکش

سرمائی پیکج کی منظوری

نیپرا نے بجلی صارفین کے لیے موسم سرما کے خصوصی پیکج کا بھی اعلان کیا ہے جس کا اطلاق دسمبر سے فروری تک ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد موسم سرما کے مہینوں کے دوران بجلی کے زیادہ استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، جس سے گھریلو اور صنعتی صارفین کو یکساں طور پر خاطر خواہ بچت ہوگی۔ نیپرا کے مطابق سرمائی پیکج کے تحت اضافی یونٹ کی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں 26.7 روپے ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں آئی پی پیز سے مذاکرات: عوام کو سستی بجلی کب ملے گی؟

موسم سرما کا پیکیج کیا ہے؟

گھریلو صارفین کے لیے کم از کم اضافی کھپت پر30 فیصد یا 11.42 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔ زیادہ سے زیادہ اضافی کھپت پر 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔

صنعتی صارفین کے لیے کم از کم اضافی کھپت پر 18 فیصد یا 5.72 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔ اسی طرح زیادہ سے زیادہ اضافی کھپت پر 37 فیصد یا 15.5 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔

نئے پیکج سے صنعتی نیٹ میٹرنگ اور وائینگ صارفین کو بھی اگرچہ وہ وفاقی حکومت کی ابتدائی تجویز کا حصہ نہیں تھے، اس پیکیج سے فائدہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کے مارے عوام کو ایک اور جھٹکا: نیپرا نے بجلی 7 روپے 5 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی

موسم سرما کے پیکج اور بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صارفین پر مالی دباؤ کم ہونے اور آف پیک مہینوں کے دوران توانائی کے زیادہ استعمال کی حوصلہ افزائی کی توقع ہے۔ نیپرا کے فیصلوں پرعمل درآمد کے لیے تجویز وفاقی حکومت کو بھیج دی گئی ہے، سرمائی پیکج 3 ماہ کے لیے برقرار رہے گا۔

نومبر کے دوسرے ہفتے میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے موسم سرما کے ریلیف پیکج کی منظوری دی تھی جس کا مقصد ملک بھر میں بجلی صارفین کو عارضی مالی ریلیف فراہم کرنا تھا۔ پیکج کے تحت 200 یونٹ سے زیادہ کے صارفین کے لیے اضافی بجلی کی کھپت پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ لاگو ہوگا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں پاور ڈویژن کی تجویز پرغور کیا گیا اوراس اقدام کی منظوری دی گئی۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کو ریلیف ملے گا۔

مزید پڑھیں: مہنگائی سے مرے ہوئے عوام پر نیپرا نے ایک اور بم پھینک دیا

اس پیکج سے 200 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھرانوں اور کاروباری اداروں کو نمایاں بچت ہوگی۔ اس اسکیم کے تحت کمرشل صارفین 34 سے 47 فیصد تک فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ صنعتوں کو لاگت میں 18 سے 37 فیصد تک کمی متوقع ہے۔

حکومت پہلے ہی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پیکیج کی منظوری حاصل کر چکی ہے۔ اہلیت کا تعین کرنے کے لیے، 2024 کے موسم سرما کے مہینوں کے دوران بجلی کی کھپت کا موازنہ پچھلے 3 سالوں میں انہی مہینوں کی اوسط کھپت سے کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کو توقع ہے کہ اس پیکیج سے بجلی کے زیادہ استعمال کی حوصلہ افزائی ہوگی جبکہ سردیوں کے موسم میں گیس پر انحصار کم ہوگا۔ ایسا کرنے سے پیدا ہونے والی بجلی کا زیادہ سے زیادہ استعمال ممکن ہوسکے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp