پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگنے کی بات درست نہیں، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب

ہفتہ 7 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگنے کی کوئی بات نہیں ہو رہی، یہ بات درست نہیں۔

کراچی میں اوور سیز چیمبرز آف کامرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کم ہوتی جا رہی ہے، مرغی اور دالوں کی عالمی قیمت کم ہو رہی ہے، تاہم مڈل مین کا کردار ختم کرنا ہوگا۔ میکرواکنامک استحکام آنے سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی سے عوام کو فائدہ ہو رہا ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اسٹینڈرڈ ایجنڈا بنایا ہے، اس کی مفصل رپورٹ بھی پیش کی گئی ہے، ضلعی سطح پر ہماری پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال اور متحرک ہونا چاہیے، کیوں کہ غذائی اشیا، ٹرانسپورٹ کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، لیکن اس کے ثمرات صحیح معنوں میں عوام تک نہیں پہنچ رہے۔

مزید پڑھیں: معیشت بہتری کی جانب گامزن، ہاؤسنگ سیکٹر میں ٹیکسز کے حوالے سے سوچ بچار کررہے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ

محمد اورنگزیب نے کہا کہ زیادہ اہم پرائیوٹ سیکٹر کو لیڈ کرنا ہے، 6 برس میں 6 ٹریلین روپے کا نقصان ہوا ہے، ملٹی نیشنل کمپنیز نے 2.2 ارب ڈالر کا منافع باہر بھیجا ہے۔ ملٹی نیشنلز کمپنیز کو کہا ہے کہ ایکسپورٹ بڑھائیں، سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے، پرائیویٹ سیکٹر کا معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ہے۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ او آئی سی سی آئی کا کاروباری اعتماد سروے حوصلہ افزا ہے، 900 سے زائد جعلی پیٹرول پمپ سیل کیے ہیں، حکومت کی مفید پالیسیوں کی بدولت معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر اداروں کے مسائل کو حل کیا جائے گا، پاکستان میں بنے پراڈکٹس کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہوگا، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔

مزید پڑھیں: مرغی اور دالوں کی قیمتوں میں اضافہ برداشت نہیں کریں گے، وزیر خزانہ

انہوں نے کہا کہ میرا بھی سیلری کلاس سے تعلق تھا، میں خود بھی تنخواہ پر ٹیکس دیتا رہا ہوں، ریئل اسٹیٹ، زراعت، ہول سیلرز اور ریٹلیرز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جارہا ہے. 3 صوبے زرعی ٹیکس پر رضامند ہوچکے ہیں، ہم سندھ سے بھی بات کرنے جارہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے، آرامکو اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں نے حال ہی میں سرمایہ کاری کی ہے، انہوں نے کہا کہ میثاق معیشت کی جو بات کی جاتی ہے، اس پر کام ہونا چاہیے، خواہ کسی بھی جماعت کی حکومت ہو، پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، اس کے بغیر معاشی ترقی محض خواب ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp