76 برس استعمال کے بعد دہلی کو اردو زبان مشکل لگنے لگی، پابندی عائد

جمعہ 14 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دہلی پولیس کمشنر نے تھانوں کو ایف آئی آر میں اردو اور فارسی کے دقیق الفاظ ترک کرکے ہندی اور انگریزی کے متبادل الفاظ استعمال کرنے کا حکم دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے بعد دہلی پولیس کمشنر نے ایک سرکلر جاری کر کے چارج شیٹ اور ایف آئی آر میں دقیق اردو الفاظ کا استعمال کرنے سے اجتناب کرنے کو کہا ہے۔

اس حوالے سے سرکلر میں ایسے 383 الفاظ کی فہرست بھی دی گئی ہے جو حکام کے بقول عام طور پر بول چال میں استعمال نہیں ہوتے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ان دقیق الفاظ کا مطلب لوگوں کو پتہ نہیں ہوتا لہٰذا ان کی جگہ ہندی اور انگریزی کے آسان الفاظ کا استعمال کیا جائے۔

سرکلر میں کہا گیا کہ عام طور پر ایف آئی آر لکھتے وقت اور چارج شیٹ داخل کرنے کے موقع پر بھی اردو فارسی کے ایسے الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں جو بول چال میں استعمال نہیں ہوتے۔

اس حوالے سے سنہ 2018 میں مفاد عامہ کی ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس پر ہائی کورٹ نے 7 اگست 2019 کو ایک حکم جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ شکایت کنندہ کے الفاظ میں ایف آئی آر درج کی جائے اور بہت زیادہ پیچیدہ زبان استعمال نہ کیے جائیں۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ پولیس عام لوگوں کے لیے کام کرتی ہے نہ کہ اردو، فارسی، انگریزی اور ہندی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں حاصل کرنے والوں کے لیے۔

اس حکم نامے کے اجرا کے ساتھ ساتھ واضح کیا گیا ہے کہ ان احکامات پر عمل کیا جائے اور اگر کوئی ان پر عمل نہیں کرتا تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

پولیس کی جانب سے ایسے اردو اور فارسی الفاظ کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے جو ایف آئی آر میں اب تک استعمال ہو رہے تھے۔ ان مشکل الفاظ کے ساتھ ان کی جگہ آسان الفاظ کی فہرست بھی دی گئی ہے تاکہ افسران ایف آئی آر اور چارج شیٹ کے وقت ان الفاظ کا استعمال کریں اور شکایت کنندہ اور اس کیس سے وابستہ لوگ اس کا مطلب آسانی سے سمجھ سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp