سارہ ایک نوجوان اور باصلاحیت بیکر ہیں جو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بہترین مثال ہیں۔ وہ راولپنڈی میں مقیم ہیں اور انہوں نے سعودی عرب سے پاکستان آنے کے بعد اپنے شوق اور محنت سے ایک آن لائن بیکری کا آغاز کیا جس کا نام ’بیکنگ ولا‘ ہے۔
بچپن سے ہی بیکنگ کا شوق رکھنے والی سارہ نے ایف ایس سی کے دوران اپنے شوق کو کاروبار میں بدلنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنی آن لائن بیکری لانچ کی اور اپنے منفرد اور مزیدار بیکنگ آئٹمز خصوصاً چاکلیٹ کیکس اور براؤنیز کے ذریعے راولپنڈی اور اسلام آباد کے لوگوں کے دل جیت لیے۔
مزید پڑھیں: انٹرنیٹ ایک بار پھر سست روی کا شکار، آن لائن سروسز بری طرح متاثر
سارہ اپنے کام سے بےحد محبت کرتی ہیں اور ہر بیکنگ آئٹم میں اپنی تخلیقی صلاحیت اور جذبے کو شامل کرتی ہیں۔ ان کا خواب ہے کہ مستقبل میں اپنی آن لائن بیکری کو ایک فزیکل بیکری میں تبدیل کریں جہاں لوگ براہِ راست ان کی محنت اور مہارت سے استفادہ کرسکیں۔
مزید برآں سارہ نے یہ بھی منصوبہ بنایا ہے کہ وہ ان خواتین کے لیے ورکشاپس منعقد کریں گی جو بیکنگ کو بطور آن لائن کاروبار شروع کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا مقصد نہ صرف اپنی مہارت دوسروں تک پہنچانا ہے بلکہ خواتین کو خودمختار بنانے میں بھی مدد کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آن لائن کاروبار کے فروغ میں خواتین کیسے اہم کردار ادا کر رہی ہیں؟
سارہ کا اس بات پر پختہ یقین ہے کہ اگر کوئی اپنے شوق کو مقصد بنا لے تو کامیابی کے راستے خود بخود کھل جاتے ہیں۔ ان کی کہانی ان تمام خواتین کے لیے ایک ترغیب ہے جو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنا چاہتی ہیں۔