معروف گلوکار بلال سعید کو ان کے منفرد انداز کے گانوں کی وجہ سے بے حد پسند کیا جاتا ہے اور وہ پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی بہت مقبول ہیں۔
حال ہی میں بلال سعید نے نجی ٹی وی کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی اور مختلف موضوعات پر بات کی، انہوں نے کہا کہ مجھے اپنا گانا ’دو نمبر‘ کبھی بھی پسند نہیں تھا اور میں بضد تھا کہ یہ گانا البم میں نہیں رکھنا چاہیے لیکن وہ گانا ریلیز ہوتے ہی بہت مشہور ہو گیا اور اب میرا کوئی بھی شو اس گانے کے بغیر نہیں ہوتا۔
بھارت میں اپنے تجربے پر بات کرتے ہوئے بلال سعید نے کہا کہ انڈیا میں انہیں کام کرنے کا بہت مزہ آیا کیونکہ وہاں سینئیر ہو یا جونئیر سب آرٹسٹ کام کو بہت سنجیدہ لیتے ہیں اور کام کے وقت کوئی اسٹار نہیں ہوتا بلکہ سب برابر ہوتے ہیں، اور پاکستان کو بھی ایسے ہی اصول اپنانےچاہیئں، ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈیا میں بہت مواقع ہیں اور وہاں لوگ کام کو بہت سنجیدہ لیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’فواد خان کو شرم آنی چاہیے‘، سوشل میڈیا پر اداکار کے بائیکاٹ کی مہم کیوں؟
پروگرام میں بلال سعید نے درخواست کی کہ گزشتہ دنوں ان کا پاسپورٹ کہیں کھو گیا ہے تو اگر وہ کسی کو ملے تو انہیں لوٹا دیں کیونکہ وہ کسی کے کام کا نہیں ہے۔
اپنی نئی البم ’سپر اسٹار‘ کے حوالے کے بات کرتے ہوئے بلال سعید نے کہا کہ یہ البم 12 سال بعد آ رہی ہے، گلوکارنے بتایا کہ انہوں نے اپنا پہلا البم 2012میں لانچ کیا تھا۔البم لانچ کرنا اتنا آسان نہیں ہے اس دوران وہ بہت سی مشکلات سے گزرے ہیں۔














