پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الٰہی کو دہرے قتل کے مقدمے میں مقامی عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:احتساب عدالت لاہور: مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری
منگل کو ایڈیشنل سیشن جج میاں جاوید اکرم نے 28 جون 2023 کو چکریاں میں یاسر اور محمد یوسف کے قتل میں مونس الٰہی اور دیگر کو ملزم نامزد کرتے ہوئے فیصلہ جاری کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ مقدمے کی سماعت کے دوران شریک ملزم محمد اختر کی جیل میں موت ہو گئی۔ مونس الٰہی پر دفعہ 109 کے تحت دیگر ملزمان کے انکشافات کی بنیاد پر مبینہ طور پر جرم کی حوصلہ افزائی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
عدالت نے منگل کو19 صفحات پر مشتمل یہ فیصلہ 29 جون 2023 کو منگووال پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر سے متعلق ہے۔
مزید پڑھیں:منی لانڈرنگ کیس میں مونس الہی کی جائیداد اور اکاؤنٹ منجمد کرنے کا حکم
پولیس کے مطابق چوہدری مونس الہٰی اور دیگر ملزمان پر 2 افراد کے قتل کا الزام ہے، ملزمان پر 28 جون 2023ء کو یاسر اور یوسف کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ پیر کو لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے رہنما مونس الہٰی کی اہلیہ کو طلب کیا تھا۔ وکیل نے کہا تھا کہ مقدمے میں نامزد خواتین کو مستقل طور پر پیشی سے استثنیٰ دیا جائے جس پر عدالت نے کہا تھا کہ پہلے ایک 2 سماعتوں میں پیش ہوں جس کے بعد خواتین کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لیں گے۔