سعودی عرب میں فٹبال کی تاریخ کا بہترین ورلڈ کپ ہوگا، رونالڈو

جمعرات 12 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پرتگال اور سعودی کلب النصر کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے 2034 کے فٹبال ورلڈ کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فٹبال کی تاریخ کا بہترین ورلڈ کپ ہوگا۔

رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہیں کہتے سنا جاسکتا ہے کہ سعودی عرب میں انفرااسٹرکچر، اسٹیڈیمز، شائقین کے لیے کنڈیشنز سمیت سب کچھ شاندار ہے، اسی لیے میں اس بات پر قائل ہوا ہوں کہ 2034 کا ورلڈ کپ تاریخ کا بہترین ورلڈ کپ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو مل گئی

رونالڈو نے مزید کہا کہ آج میں جن بچوں کے ساتھ ہوں، ممکن ہے کہ ان میں سے کچھ یہ ورلڈ کپ کھیلیں۔ ’مجھے یقین ہے کہ صرف یہ بچے ہی نہیں بلکہ لڑکیاں بھی سیکھتی اور آگے بڑھتی رہیں گی، ہم سب کو صرف فٹبال کے میدان میں ہی نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبہ میں مل کر آگے بڑھنا ہے، میں ان سب (بچوں اور نوجوانوں) کو سخت محنت کرنے کی تلقین کرتا ہوں‘۔

رونالڈو کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس سے (فٹبال) لیگ میں بڑی تیزی سے اضافہ ہوا جو نہایت خوش آئند ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ (سعودی لیگ میں) اس وقت 7 سے 8 ایسے کلبز ہیں جنہیں شکست دینا نہایت مشکل ہے، صرف ان کی ٹیم ہی نہیں بلکہ دیگر کھلاڑیوں کے ارتقا کا سلسلہ بھی جاری ہے اور وہ بہتر کھلاڑی بن کر سامنے آرہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رونالڈو نے فٹبال ورلڈ کپ 2034 کے سعودی عرب میں انعقاد کی بھرپور حمایت کردی

رونالڈو کا کہنا تھا، ’سعودی عرب ایک شاندار ملک اور اس کے شہری بہت اچھے ہیں، یہاں ہر سال فٹبال میچز، باکسنگ اور انٹرٹینمنٹ کے بڑے ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا ہے، میرے خیال ملک کا مستقبل روش ہے اور مجھے اس ملک کی کامیابی کا حصہ بننے پر خوشی ہے، مجھے یقین ہے کہ میں یہاں ورلڈ کپ دیکھوں گا۔‘

واضح رہے کہ فٹبال کے عالمی ادارے فیفا نے گزشتہ روز باضابطہ طور پر سعودی عرب کو فیفا ورلڈ کپ 2034 کا میزبان ملک نامزد کردیا ہے۔ بدھ کے روز منعقدہ غیر معمولی فیفا کانگریس کے اجلاس میں مراکش، اسپین اور پرتگال کو مشترکہ طور پر فیفا ورلڈ کپ 2030 کی میزبانی دی گئی جبکہ سعودی عرب کو فیفا ورلڈکپ 2034 کی میزبانی کے لیے نامزد کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp