سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینیئر جج جسٹس سید منصور علی شاہ کے عدالتوں میں ججز کی تعیناتی کے طربقہ کار پر تحفظات کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے فریقین کی جانب سے پیش کردہ نام سامنے آگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جسٹس منصورعلی شاہ کے ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار پرتحفظات، جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ دیا
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی تقرری کے لیے نامزد کردہ 10 امیدواروں کے نام سامنے آگئے ہیں۔ 21 دسمبر کو طلب کیے گئے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے ججز کی تقرری پربھی غور کیا جائے گا۔

جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 21 دسمبردن 4 بجے کانفرنس روم میں ہو گا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 2 امیدوراوں کے نام دیے گئے ہیں، انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اعظم خان اورڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند کا نام تجویز کیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کاشف علی ملک ایڈووکیٹ کا نام تجویزکیا ہے۔
اسی طرح ممبراسلام آباد بارکونسل ذوالفقارعباسی نے قمرسبزواری کا نام تجویزکیا ہے جبکہ جسٹس منصورعلی شاہ نے سلطان مظہرشیرخان کےنام کی تجویزدی ہے۔ اسی طرح فاروق نائیک نے 4 نام پیش کیے ہیں، جن میں قمر سبزواری، اسلم خان، دانیال اعجاز، کاشف علی کے نام شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:جوڈیشل کمیشن کا 6 دسمبر کا اجلاس مؤخر کیا جائے، جسٹس منصور علی شاہ کا چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط
رپورٹ کے مطابق رکن کمیشن روشن خورشید بھروچہ نے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاورکا نام تجویزکیا ہے جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے معاملہ کو حل کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جوڈیشل کمیشن اجلاس: پشاور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیےکن ناموں پر غور کیا گیا؟
واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینیئر جج جسٹس سید منصورعلی شاہ نےعدالتوں میں ججز کی تعیناتی کے طربقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کو بھی خط لکھ تھا، جس میں ججزکی تعیناتی سے قبل میرٹ اور شفافیت کے لیے واضح رولزبنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
 
         
                
             
         
              
              
              
              
                 
                    













