بھارت کی ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے معروف سپر اسٹار اور بلاک بسٹر فلم ’پشپا 2‘ کے ہیرو الو ارجن کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، تلنگانہ پولیس نے الو ارجن کو بھگدڑ کے کیس میں گرفتار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پشپا2 ریلیز کے چند گھنٹوں بعد ہی آن لائن لیک کیسے ہوئی؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق، رواں ماہ 4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں الو ارجن کی بلاک بسٹر فلم ’ پشپا 2 ‘ کے پریمیئر میں بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون ہلاک اور اس کے 2 بچے شدید زخمی ہوگئے تھے جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے تلنگانہ پولیس کے اہلکار آج صبح الو ارجن کے گھر پہنچے اور انہیں سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ اپنی تحویل میں لے لیا۔ بھارتی میڈیا نے الو ارجن کی گرفتاری کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشپا 2 نے آمدنی کے کئی ریکارڈ توڑ دیے
تلنگانہ پولیس نے الو ارجن سمیت ان کی سیکیورٹی ٹیم اور سندھیا تھیٹر کی انتظامیہ کے خلاف قتل و تشدد کا مقدمہ درج کیا تھا، جس میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ پولیس کو اس بات کی ا طلاع نہیں دی گئی کہ الو ارجن اسکریننگ کے لیے سندھیا تھیٹر آنے والے تھے جبکہ تھیٹر انتظامیہ اس آمد سےآگاہ تھی۔
مقدمے میں مزید کہا گیا ہےکہ اگر پولیس کو علم ہوتا تو مزید سیکیورٹی تعینات کی جاسکتی تھی، تھیٹر میں پہنچنے والے بڑے ہجوم اور سیکیورٹی کی کمی کی وجہ سے بھگدڑ تھیٹر میں بھگدڑ مچی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں پشپا 2 کی ’کلر نمائش‘ جاری، الوارجن کا ایک اور مداح چل بسا
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ پشپا 2 کی نمائش کے دوران ایک ایسا ہی واقعہ رایادرگام میں پیش آیا ہے جہاں شو کے دوران الو ارجن کے ایک اور مداح کی موت واقع ہوگئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ 35 سالہ ہریجن مدھناپ دوپہر ڈھائی بجے کے قریب رایادرگام میں فلم کا میٹنی شو دیکھ رہا تھا، تاہم وہ شام 6 بجے کے قریب تھیٹر کے عملے کو مردہ حالت میں ملا۔