شام: عبوری حکومت کا آئین و پارلیمنٹ 3 ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان

جمعہ 13 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شام کی عبوری حکومت نے 3 ماہ کے لیے آئین اور پارلیمنٹ کو معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شامی حکومت کے ترجمان عبیدہ ارناوت کا کہنا ہے کہ آئین کا جائزہ لے کر ترامیم پیش کرنے کے لیے عدالتی اور انسانی حقوق کمیٹی قائم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شام میں انقلاب کے بعد پہلا جمعہ، شہریوں کا جشن جاری

یاد رہے کہ دارالحکومت دمشق پر قبضے کے بعد سابق صدر بشار الاسد روس فرار ہو گئے تھے جہاں انہیں اور ان کے خاندان کو پناہ دے دی گئی ہے۔

شام بھر میں بشار الاسد کی 5 دہائیوں پر محیط حکومت کے خاتمے کا جشن منانے کے لیے بڑے پیمانے پر جشن منانے اور ریلیاں نکالنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

عبیدہ ارناوت نے کہا کہ عبوری حکومت قانون کی حکمرانی قائم کرے گی اور عوام کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے والے تمام افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی جبکہ شام میں مذہبی اور ثقافتی تنوع کا احترام کیا جائے گا۔

شام سے مطالبہ

قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے جمعرات کو ملاقات کی اور دمشق میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام کو محفوظ ملک بنانے کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیے: شامی عقوبت خانے سے اچانک رہائی پالینے والے شہری کی بے یقینی اور دگرگوں حالت، امریکی خاتون رپورٹر بھی آبدیدہ

دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ نے شام کی سرزمین پر حالیہ اسرائیلی اور ترک فوجی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت یہ بہت اہم ہے کہ ہم سب اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں کہ مزید تنازعات کو جنم نہ دیا جائے۔

انتونی بلنکن نے کہا کہ امریکا اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ شام کو دہشت گردی کے اڈے کے طور پر استعمال نہ کیا جائے اور شام اپنے پڑوسیوں کے لیے خطرہ نہ بنے۔

گروپ آف سیون

جمعرات کے روز گروپ آف سیون (جی سیون) کے رہنماؤں نے بھی کہا کہ وہ شام میں جامع اور غیر فرقہ وارانہ حکومت کی منتقلی کی حمایت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp