پاکستان اور ترکیہ نے اپنے سرکاری ٹیلی ویژن چینلز کے درمیان مشترکہ نشریات کے ذریعے میڈیا تعاون کو مضبوط بنانے اور اسلاموفوبیا اور غلط معلومات کا مقابلہ کرنے کے طریقوں پر اتفاق کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آزمائش کی گھڑی میں پاکستان ترکیہ کے ساتھ ہے‘ شہبازشریف کا طیب اردوان کو فون
یہ پیش رفت پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور ترکیہ کے ہیڈ آف کمیونیکیشنز پروفیسر فرحتین التون کے درمیان ترک ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوئی۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ 13 دسمبر کو ترکیہ کے 3 روزہ دورے پر ترکیہ پہنچے تھے جہاں وہ استنبول میں اسٹارٹکام سمٹ 2024 میں شرکت کریں گے۔
پروفیسر فرحتین التون کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے میڈیا تعاون کو مضبوط بنانے، عوامی سفارتکاری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کی طرف سے اسلامو فوبیا اور غلط معلومات کا مقابلہ کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملک کے سرکاری میڈیا کے مطابق دونوں فریقین نے پی ٹی وی اور ترکیہ کے سرکاری ٹیلی ویژن ’ٹی آر ٹی‘ کے درمیان مشترکہ نشریات پر اتفاق کیا جس میں پاکستان میں مقبول ترک ڈراموں کی نشریات بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:آزمائش کی گھڑی میں پاکستان ترکیہ کے ساتھ ہے‘ شہبازشریف کا طیب اردوان کو فون
ترکیہ کے ڈرامے اپنی ثقافتی مماثلت اور اعلیٰ معیار کی پروڈکشن کی وجہ سے پاکستان میں خاص طور پر تاریخی ڈراموں میں بے حد مقبول ہیں۔ ’دیریلیش ارطغرل غازی‘ پاکستان میں نشر ہونے والے سب سے زیادہ مقبول ترک ڈراموں میں سے ایک ہے، جس نے گزشتہ برسوں میں بڑے پیمانے پر داد حاصل کی ہے۔
پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات اور ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے درمیان ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا معاہدہ بھی طے پایا ہے جس میں دونوں جانب سے فوکل پرسنز نامزد ہوں گے۔
عطا اللہ تارڑ نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تعاون سے عوامی سطح پر رابطوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں تفریح اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے ساتھ ساتھ مشترکہ منصوبوں کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ پروفیسر فرحتین التون نے اعتراف کیا کہ ترک ڈرامے ’ارطغرل‘ نے پاکستان میں نمایاں مقبولیت حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے تعاون سے اسلاموفوبیا اور غلط معلومات کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی۔