ترازو کے پلڑے برابر کیے بغیر عدل کا دعویٰ بے معنی ہے، خورشید شاہ

جمعہ 14 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید احمد شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترازو کے پلڑے برابر کیے بغیر عدل کا دعویٰ بے معنی ہے اور پارلیمنٹ کی تحقیر سے کسی ادارے کے قد کاٹھ میں اضافہ نہیں ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عدل کے اداروں کو سیاست میں طرف داری کے تاثر  سے باز رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کو سسیلین مافیا اور گارڈ فادر کا لقب دینا اور دوسرے کو صادق اور امین کا لقب دینا عدل و انصاف کے منافی ہے۔

خورشید نے کہا کہ اس وقت پوری قوم میں یہ تاثر ہے کہ چہرے دیکھ کر انصاف ہو رہا ہے۔ دوہرا معیار عدل و انصاف کے لیے زہر قاتل ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس وقت پورا ملک اس زہر کی لپیٹ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ زنجیر عدل تک مخصوص لوگوں کی رسائی سے جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا بیٹے سے تنخواہ نہ لینا اور خط نہ لکھنا رائی کے برابر مسئلے تھے مگر ان کی پاداش میں دو منتخب وزرائے اعظم کو گھر بھیج دیا گیا اور دوسری طرف پہاڑ جیسی چوریوں، بددیانتیوں، جھوٹ اور دھوکے بازیوں پر مکمل خاموشی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اداروں کے ذریعے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی کو جنم دینے کی ہر کوشش کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا اور ہم صوبوں کو دیے گئے اختیارات کو سلب کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا اس وقت ہماری اولین ترجیح معیشت کی بحالی ہے اور اس ضمن میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کی گئی حکومتی کوششیں بار آور ثابت ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp