جج کے رویے سے لگ رہا ہے عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا سنا دی جائے گی، علیمہ خان

جمعرات 19 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز کیس میں جج کے رویے سے لگ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو پیر کو سزا سنا دی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اس کیس میں تمام دلائل مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے 3 سنیئر ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کے قیام اور پی ٹی آئی کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان، بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ، 23 دسمبر کو سنایا جائےگا

علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ  اگر میرے یہ 2 مطالبات نہیں مانے گئے تو میں اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر روکنے کی کال دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لوگوں نے بانی پی ٹی آئی سے کہا ہے کہ ترسیلات زر روکنے سے ملک کو نقصان ہوگا اس لیے آپ تھوڑے دن رک جائیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مجھے ملک کی فکر ہے لہٰذا میں تھوڑے دن انتظار کرلیتا ہوں، انہوں نے مطالبات دے کر اپنے لوگوں کو حکومت کی طرف ہی بھیجا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے سول نافرمانی کے آغاز کے لیے ڈیڈ لائن دے دی، شعیب شاہین

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت گرنے کے بعد لاکھوں لوگ خط غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے اور لوگوں کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ لندن پلان کے مطابق پی ٹی آئی کو کرش کرنے کا ایجنڈا تھا، مرحلہ وار پارٹی کو کرش کرتے ہوئے انتخابی نشان بھی لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 10 عمارتیں جلائی گئیں تو 10 ہزار لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا، اتنے لوگوں نے 10 عمارتیں تو نہیں جلائیں، 8 فروری کو عوام نے ان کو دھوکا دیا اور بتایا کہ وہ ظلم کے نظام کے خلاف کھڑے ہیں اور9 فروری کو لوگوں کا ووٹ چوری کر کے جعلی حکومت بٹھائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: مطالبات نہ مانے گئے تو اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات زر نہ بھیجنے کی اپیل کروں گا، عمران خان

علیمہ خان نے کہا قانونی کی حکمرانی کے لیے 24 نومبر کے پرامن احتجاج پر گولی چلائی گئی، جب نوجوان شہید اور زخمی ہوئے تو میں وہاں موجود تھی، عمارات سے گولی چلائی گئی، ہم اس کے عینی شاہد ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp