پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ہے۔
اڈیالہ جیل میں 9 مئی کو جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد عمران خان سے علی امین گنڈاپور کی ملاقات ہوئی، جس میں سول نافرمانی کی تحریک سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کو حکومت سے براہِ راست بات چیت سے گریز کا مشورہ، پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی
ملاقات کے بعد کمرہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ جو حالات بن گئے ہیں ایسے میں ہم پاکستان کے لیے سوچنے پر مجبور ہیں، امید ہے سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے غور و فکر کرکے کوئی حل نکالا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہفتے تک دونوں جانب سے مثبت پیشرفت کی امید ہے، جن کی حکومت ہے وہ اشارہ دیں گے تو مثبت ردعمل بھی آجائےگا، میری سرکاری ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں ان میں بھی بات کرتا ہوں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ 26 نومبر کے بعد ہمارے 200 کارکن لاپتا تھے، اور اب یہ تعداد 54 ہے، صوبائی سطح پر ہم شہدا اور زخمیوں کے حوالے سے انکوائری کررہے ہیں۔ سول نافرمانی کی تحریک پر عمران خان سے مشاورت ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت سے مذاکرات کے لیے آمادہ ہوگئی ہے، اور عمران خان نے بات چیت کے لیے ایک کمیٹی بنادی ہے۔
یہ بھی پڑھیں وفاقی وزیر کی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کی تردید
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے دورہ مصر سے واپسی پر اجلاس ہوگا جس میں حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔