پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ اگر کل (22 دسمبر) تک ہمارے مطالبات پر بات چیت کے لیے کوئی پیشرفت نہ ہوئی تو بیرون ملک پاکستانیوں سے ترسیلات زر نہ بھیجنے کی اپیل کردوں گا۔
عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل میں بھائی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا پیغام سامنے لایا۔
یہ بھی پڑھیں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات، سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان مزید مؤخر
انہوں نے کہاکہ عمران خان کا مؤقف ہے کہ حکومت بات چیت کرنے میں سنجیدہ نہیں لگ رہی، ہمارے دو مطالبات تسلیم کیے جانے چاہییں، جن میں ایک بے گناہ سیاسی قیدیوں کی رہائی اور دوسرا 9 مئی و 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ اگر کل تک مذاکرات کا آغاز ہو جاتا ہے تو میں ترسیلات زر نہ بھیجنے کی کال مؤخر کردوں گا۔
علیمہ خان نے کہاکہ عمران خان بالکل کلیئر ہیں کہ القادر ٹرسٹ کیس میں ان کو سزا سنا دی جائے گی، لیکن دوسرے کیسز کی طرح یہ بھی ہائیکورٹ سے ختم ہوجائےگا۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت جو ججز پی ٹی آئی کے خلاف فیصلے دے رہے ہیں ان کی ترقی ہورہی ہے، جبکہ حق کے ساتھ کھڑے لوگوں کو او ایس ڈی کیا جارہا ہے، تاہم عمران خان نے کہا ہے کہ ان لوگوں کو گھبرانا نہیں چاہیے کہ کیوں کہ ظلم کا نظام زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔
علیمہ خان نے کہاکہ عمران خان نے جوڈیشری کو واضح پیغام دیا ہے کہ قوم ان لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے جو حق کا ساتھ دے رہے ہیں، اور یہ ایک دن ضرور سرخرو ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی نے بندوق تان رکھی ہے، سول نافرمانی کی کال دیتے ہیں اور مذکرات کا بھی کہتے ہیں، خواجہ آصف
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے مزید کہاکہ عمران خان نے ظلم کے نظام کے خلاف جہاد کرنے کی اپیل کی ہے۔