سینیئر صحافی و اینکرپرسن آفتاب اقبال کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ انہیں دبئی میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیئر اینکرپرسن آفتاب اقبال کی بیٹی عائشہ نور اقبال نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کو والد آفتاب اقبال کو برطانیہ (یوکے) سے واپسی پر دبئی ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا ہے۔
عائشہ نور کے مطابق آفتاب اقبال اپنی زوجہ کے ہمراہ برطانیہ سے دبئی پہنچے تھے جہاں امیگریشن حکام انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔ عائشہ نور نے کہا ’ میرے والد کو امیگریشن حکام کی جانب سے کلین چٹ مل چکی ہے لیکن انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ وہ کہاں ہیں اور کیسے ہیں، ہمارا ان سے رابطہ نہیں ہورہا۔‘
قبل ازیں آفتاب اقبال کے بھائی جنید اقبال نے بھی اپنے پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ دبئی ایئرپورٹ پر حراست میں لیے جانے کے بعد سے ان کے بڑے بھائی لاپتا ہیں۔
واضح رہے کہ آفتاب کچھ عرصہ قبل پاکستان سے دبئی شفٹ ہوگئے تھے، اور وہ اپنا مقبول شو خبرہار اب یوٹیوب پر کررہے ہیں۔