فیس بک رومانس: پاکستانی نوجوان شادی کے لیے بنگلہ دیش پہنچ گیا

منگل 24 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی نوجوان فیس بک پر پروان چڑھنے والی محبت پانے بنگلہ دیش پہنچ گیا۔ لڑکی کے گھر میں شادی کی تیاریاں۔

پاکستانی نوجوان محمد علیم الدین بنگلہ دیش کے علاقے کھگرا چاری میں مٹیرنگا پہنچ گیا ہے۔ یہاں اس کی آمد کا مقصد فیس بک پر ہوئی محبت کو شادی کے رشتے میں بدلنا ہے۔

امحمد علیم کی تہمینہ اختر برشتی سے فیس بک پر دوستی ہوئی جو بتدریج محبت میں بدل گئی۔ اور اب محمد علیم الدین بنگلہ دیش پہنچ کر تہمینہ اختر سے شادی کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے شہر لاہور کا رہائشی 28 سالہ علیم الدین ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتا ہے۔ دریں اثنا، 21 سالہ تہمینہ اختر برشتی، کھگرا چاری گورنمنٹ کالج میں بزنس اسٹڈیز کے تیسرے سال کی طالبہ ہے، جس کا تعلق مٹیرنگا کی بیلچھڑی یونین سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں:راحت فتح علی خان کی بنگلہ دیش میں شاندار پرفارمنس، سامعین جھوم اٹھے

دونوں کی ملاقات 8 ماہ قبل فیس بک پر ہوئی تھی اور ان کی آن لائن بات چیت جلد ہی ایک رومانوی رشتے میں بدل گئی۔

علیم الدین چٹوگرام کے راستے 11 دسمبر کو مٹیرنگا کے بیلچھڑی علاقے میں پہنچے۔ جہاں باہمی رضامندی کے بعد جوڑے نے شادی کر لی اور اب وہ تہمینہ کے گھر پر رہائش پذیر ہیں۔

تہمینہ کے والد ابوالحسین نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘ان کی کورٹ میرج 19 دسمبر کو کھگراچاری میں ہوئی تھی۔ 22 دسمبر کو ہمارے گاؤں بیلچڑی میں روایتی رسم و رواج کے مطابق شادی کی رسمی تقریب منعقد ہوئی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اب ہم ان کے پاسپورٹ اور ویزا کے انتظامات پر کام کر رہے ہیں، کیونکہ میری بیٹی اپنے شوہر کے ساتھ پاکستان چلی جائے گی‘۔

اس حوالے سے علیم الدین کا کہنا ہے کہ ’میرا خاندان ہمارے تعلقات سے واقف ہے اور اس کی حمایت کرتا ہے۔ ان کی منظوری سے ہماری شادی ہو ئی ہے۔ میں کچھ بنگلہ سمجھ اور بول سکتا ہوں، جو تہمینہ نے مجھے سکھایا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں:ڈھاکہ میں عاطف اسلم کی آواز کا کمال، بنگلہ دیشی سامعین کا دھمال

اس حوالے سے مٹیرنگا پولیس اسٹیشن کے آفیسر انچارج (او سی) محمد توفیق الاسلام توفیق نے پاکستانی نوجوان کی آمد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شہری محبت کی وجہ سے مٹیرنگا آیا ہے۔ تاہم، ہم اس کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ اس کے کوئی اور مقاصد نہیں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp